ہوم << ہوئے تم دوست جس کے - حمزہ صیاد

ہوئے تم دوست جس کے - حمزہ صیاد

حمزہ صٰاد بات تو دوستوں کو ناگوار گزرے گی لیکن اس موقع سے زیادہ بہتر کوئی موقع نہیں کہ جس پہ یہ بات کہی جائے.
جب ہم یہ کہتے تھے کہ ایک مودودی سو یہودی کا نعرہ لگانا بری بات ہے تو آپ کہتے تھے، نہیں وہ شخص اسی نعرے کا مستحق ہے.
جب ہم کہتے تھے کہ جاوید غامدی کے بارے میں یہ کہنا درست نہیں کہ وہ حسیناؤں کے درمیان بیٹھ کر ان کی مرضی کا اسلام بیان کرتا ہے تو آپ جواب میں کہتے تھے کہ یہ تو حقائق ہیں.
جب ہم کہتے تھے کہ کسی کی ذات پر الزام لگانا بہت بری بات ہے تو آپ کہتے تھے، نہیں سب چلتا ہے.
جب ہم نشان دہی کرتے تھے کہ فلاں صاحب بہت غلط زبان استعمال کر رہے ہیں تو آپ کا جواب ہوتا تھا کہ بس گزارا کیجیے، اپنے مسلک کا بندہ ہے.
جب آپ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے تھے تو ہم نے احتجاج کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمن صاحب ہوں یا کوئی اور فرد، کسی کو یہودی کہنا غیر اخلاقی حرکت ہے تو آپ نے کہا تھا کہ نہیں ہمارا قائد سیاسی بصیرت کا حامل ہے، وہ درست ہی کہتا ہے.
جب اسلام آباد میں دھرنا ہوا تھا، جو کچھ بھی ہوا بہت غلط ہوا، لیکن آپ نے دھرنے میں شریک تمام خواتین کے بارے میں بہت غلط تبصرے کیے تھے، اس پر بھی ہم نے احتجاج کیا تو آپ نے ہمیں بھی گالیوں سے نوازا تھا.
آج جب مولانا الیاس گھمن صاحب پر الزامات لگ رہے ہیں تو آپ کو تکلیف ہو رہی ہے اور تمام اسلامی اور قانونی باتیں یاد آ گئی ہیں. بے شک جن لوگوں نے ان کے خلاف ایک فضا بنائی، ہم اسے درست نہیں سمجھتے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس الزام و دشنام کی فضا بنانے میں آپ کا بھی بہت حصہ ہے. جو بندہ تمیز سے بات کرے تو آپ اسے احساس کمتری اور مرعوبیت کا شکار قرار دیتے ہیں اور جو بندہ گالیاں دے تو آپ کہتے ہیں کہ دیکھو کتنا متصلب آدمی ہے.
بھائی میرے ! دشمن کی واٹ لگاتے ہوئے تو مزہ آتا ہے لیکن جب اپنی واٹ لگتی ہے تو پھر وہی کیفیت ہوتی ہے جو اس وقت آپ کی ہے. اس معاشرے میں جب عورتوں کو محض الزام کی وجہ سے اور غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے تو آپ خوش ہوتے ہیں کہ بےحیائی کا سدباب ہو رہا ہے اور آج اپنے عالم کے بارے میں جب اس کی بیوی نے انکشافات کیے ہیں تو آپ شرعی اور قانونی نقطے بیان کرنے لگے ہیں. بہت افسوس ہوتا ہے جب یہ دوہرا معیار سامنے آتا ہے، اور پتہ ہے اس دوہرے معیار کی سب سے بڑی وجہ کیا ہے؟ سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آپ مذہب کی نہیں، مسلک کی خدمت کرتے ہیں.

Comments

Click here to post a comment