لاہور: شریف فیملی نے اپنی زیر ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے کلو میں فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی لائی جاسکے. برسراقتدار شریف فیملی نے پنجاب میں چینی کی قیمت میں کمی کے لیے اپنی ملکیت شوگر ملوں سے چینی 70 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ٹیم نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے ملاقات کی جس میں حمزہ شہباز کی ٹیم اور شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان چینی کی قیمت میں کمی لانے کے لیے مذاکرات ہوئے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی جانب سے پنجاب بھر میں چینی 70 روپے میں فروخت کرنے کے حتمی فیصلے کے لیے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں چینی 75 سے کم کرکے 70 روپے فی کلو گرام اور 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 550 سے کم کرکے 400 روپے میں فروخت کرنے کی ہدایت دی تھی۔
تبصرہ لکھیے