محترم عامر ہاشم خاکوانی اور ان کی ٹیم نے اپنے دلائل کو دلیل کی شکل دے دی ہے. حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا کی قوت مین سٹریم میڈیا نے نہ صرف تسلیم کی ہے بلکہ کئی موضوعات یہیں سے مستعار لیے گیے ہیں۔
ماضی میں جو دانشور اسے سنجیدہ نہیں لیتے تھے سوشل میڈیا اب ان کی بھی ترجیح بن چکا ہے، چند سال پہلے تک سوشل میڈیا منچلوں تک محدود تھا لیکن اب صورتحال خاصی بدل چکی ہے۔۔۔
گلی محلے اور چوپالوں میں ہونے والے گفتگو اب یہاں ہوتی ہے اور مختلف موضوعات کا احاطہ کیا جاتا ہے
یہیں ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے مختلف ویب سائٹس بھی تیزی سے اپنی جگہ بناتی جارہی ہیں جن میں جناب وجاہت مسعود کی ہم سب برادران جمال عبد اللہ و سبوخ سید کی اردو ٹرائب اور آئی بی سی اردو زیادہ نمایاں ہیں ۔
ہم سب ایک واضح ایجنڈے کے ساتھ میدان میں اتری ، گو کہ وجاہت مسعود صاحب مختلف نظریات سے وابستہ لکھاریوں کو اپنی ویب گاہ پہ خوش آمدید کہتے ہیں لیکن بہرحال ان کی ویب سائٹ سیکولر نظریات کی ترویج و اشاعت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور یہ ان کا حق بھی ہے کہ وہ اپنے خیالات کو قارئین تک پہنچائیں. آئی بی سی اردو و اردو ٹرائب خالصتا پیشہ وارانہ ویب گاہیں ہیں جن کا مقصد خبروں بلاگرز و کالمز کے ذریعے لوگوں تک پہنچنا ہے۔
دلیل ، سے متعلق جتنی معلومات میسر ہیں، اس کے مطابق وہ کسی رقابت کے جذبے سے سامنے نہیں آئی بلکہ مقصود مکالمہ ہی ہے. اچھی بات یہ ہے کہ دلیل کو عامر ہاشم خاکوانی صاحب جیسے معتدل، سنجیدہ مزاج اور باقاعدہ صحافی کا ساتھ میسر ہے جس کی وجہ سے ویب کی ساکھ اور معیار پہ گہرا اثر مرتب ہوگا۔
دلیل ۔۔۔ بنیادی طور پہ دائیں بازو کے لکھاریوں کے لیے عمدہ پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنے کی بورڈ کی روانی دکھاسکتے ہیں دلیل کے ساتھ. ساتھ ہی بائیں اور درمیانی بازو والے احباب بھی یہاں کھل کر اپنے نظریات پیش کرسکتے ہیں مگر وہ بھی دلیل کے ساتھ .
اور یہ دلیل و مکالمہ ہی تو ہے جو صحت مند معاشرے کو تشکیل دیتا ہے، بات سننے کا حوصلہ بخشتا ہے. دلیل کا پرانا سفر اب نئے انداز سے شروع ہوا ہے، اڑان بھری جاچکی ، اب دلیل کو مکالمے کے وسیع و عریض آسمان میں اپنی پرواز کے جوہر دکھانے ہیں. یاد رہے کہ زمانہ دلیل کا ہے، کامرانی اس کے لیے ہے جو دلیل کی بنیاد پہ بات کرے گا ، ناشائستہ اور انتہا پسندی پہ مبنی رویے سراسر نقصان پہنچاتے ہیں، سو احباب کی بورڈ سنبھالیں اور اپنی دلائل سے پر تحاریر دلیل کے لیے روانہ کر دیں .
کیونکہ افق سے آفتاب ابھر چکا ہے ، صبح روشن کی دلیل اسے خوش آمدید کہتی ہے
تبصرہ لکھیے