تجارت کی زبان میں ویلیو ایڈیشن کامیابی کا راستہ ہے. فرض کیا کسی ملک میں زرعی زمین ہے. اور اس پر کپاس کاشت کرتے ہیں تو کپاس اس کی فصل ہوئی. وہ اسے بیچ سکتے ہیں. ایک نقد آور جنس ہے. پر یہ ایک فصل کی قیمت ہوگی. یہاں سے اس کے پاس اختیار ہے کہ مزید محنت نہ کرے اور کم منافع پر بیچ دے یا مزید محنت کر کے منافع کو بڑھا لے. لیکن سند رہے کہ بنیاد پر مسابقت بہت کم اور ویلیو ایڈیشن کی مارکیٹ میں جتنا اوپر جائیں گے مسابقت شدید سے شدید تر ہوتی جائے گی.
ویلیو ایڈیشن اسی سوچ کو کہتے ہیں. کہ وہ اس کپاس کے لیے صنعت بنا کر کپڑا بنا لے تو اس کا منافع بڑھ جائے گا. اسے محتلف رنگوں و ڈیزائن میں بنالے تو مزید بڑھ جائے گا. اس کپڑے کے لیے گارمنٹس کی صنعت بنا کر سلوا دے، اس کا کوئی برانڈ بنادے، اس برانڈ کےلیے فیشن انڈسٹری میں مارکیٹ بنالے، تو ہر قدم پر ویلیو ایڈ ہوگی.
ہم انسان بھی دنیا کی اس مارکیٹ میں بنیادی لوازمات کے ساتھ آتے ہیں. اربوں انسانوں میں آپ اور میں یکساں بھی ہیں اور منفرد بھی. یکساں ایسے کہ بنیادی طور سب انسانوں کو ایک جیسے اعضا دیے گئے ہیں. دو ہاتھ، دو کان، دو آنکھیں، ناک زبان وغیرہ وغیرہ. اور منفرد ایسے کہ میرا درد یکساں ہو کر بھی دوسرا سہہ نہیں سکتا، بس ادراک کرسکتا ہے.
انسان پیدا ہوتا ہے، شعور پاتا ہے، بنیادی شعور کے بعد وہ اس معاشرتی مارکیٹ میں چلنا پھرنا شروع کردیتا ہے، وہ جینا شروع کرتا ہے، اپنا مقصد تلاش کرتا ہے، اس کا فہم لیتا ہے، کہ میں کیوں آیا؟ میں اس کیوں کو کیسے تکمیل کروں گا؟ یہ اس کی ویلیو ایڈیشن کی راہ کی شروعات ہوتی ہیں.
انسان کی ویلیو ایڈیشن کیا ہے؟ اُردو میں اسے قدر کی بہتر سے بہترین کا سفر کہہ سکتے ہیں. بہتر آپ ہیں کہ یہ دلیل ہے آپ کے ہونے کی، آپ کی اشرف المخلوقات ہونے کی. اس شرف کی قدر افزائی ویلیو ایڈیشن ہے.
اس شروعات سے محنت کی راہیں نکلتی ہیں. فیصلے کا مقام ہوتا ہے. یہ فیصلہ کہ زندگی آپ کو بسر کرے.؟ یا آپ زندگی کو بسر کریں.؟
جب ہم زندگی کو بسر کرنے کی خواہش پالیں تو یہ ویلیو ایڈیشن کی راہ پر پہلا قدم ہے. یہ محنت، درست فیصلوں و استقامت کا راستہ ہے.
دنیا کی مارکیٹ بہت وسیع ہے. لیکن اوپر جانے کی مسابقت بھی شدید ہے. یہ قید نہیں کہ آپ کیا پیش کرنا چاہتے ہیں. پر یہ لازم بھی نہیں کہ اس کا خریدار بھی دستیاب ہوگا. یہ اپنی ذات کی ویلیو ایڈیشن ہے. فرض کیا آپ طالب علم ہیں. آپ کے کچھ خواب ہوں گے. یہ خواب ویلیو ایڈیشن کے مطلوب ہوتے ہیں. آپ نے انجینئر بننا ہے تو آپ انجینیئرنگ کے اس خواب کی طلب میں رسد وہ مہیا کریں جو ایک انجنیئر کی ضرورت ہے. انجنیئرنگ کے شاہکار مطالعہ کریں، اس شعبے کے سابقہ ماہرین کو سٹڈی کریں کہ انہوں نے اسے کیسے ممکن بنایا؟
لیکن یہ یاد رکھیں کہ نقل وقتی کامیابی ہے. طویل المدت کامیابی انفرادیت میں ہے. آپ یکساں ہو کر بھی منفرد ہیں. اپنی انفرادیت کا احترام کریں. اس انفرادیت کو تسلیم کریں. اور اپنی ویلیو ایڈیشن کو اس انفرادیت کی سوچ کی پرواز سے آگے لے کر چلیں.
تبصرہ لکھیے