ہوم << ہر جگہ، ہر لمحہ، ہر حال میں صرف رب کا حکم چلے گا! - احمد فاروق

ہر جگہ، ہر لمحہ، ہر حال میں صرف رب کا حکم چلے گا! - احمد فاروق

گھر ہو یا گلی، محلہ ہو یا شہر، ٹاؤن ہو یا صوبہ، ملک ہو یا پوری دنیا ہر جگہ، ہر گوشے، ہر مقام پر صرف ایک ہی ہستی کا حکم چلنا چاہیے اور وہ ہے: اللہ رب العالمین!
الواحِد، القہّار، المتکبِّر، العزیز!

یہ دنیا کے بنائے ہوئے بڑے صرف وقتی اور ظاہری طاقت والے ہیں ۔ مگر اصل بڑا وہ ہے جس نے ان سب کو پیدا کیا، جو نظر نہیں آتا مگر ہر جگہ موجود ہے، جو آواز نہیں دیتا مگر ہر دل میں بولتا ہے، جو ہاتھوں سے نہیں پکڑا جا سکتا مگر ہر چیز اس کے قبضے میں ہے۔ گھر کا بڑا؟ اللہ ! باپ، دادا، شوہر سب عزت کے لائق، مگر ان سب سے بڑا اللّٰہ ہے، جو روزی دیتا ہے، محبت دیتا ہے، حفاظت کرتا ہے۔

گلی کا بڑا؟ اللہ ! جو لوگ "میں بڑا ہوں" کا غرور لے کر چلتے ہیں، وہ بھول جاتے ہیں کہ اُن کا سانس بھی اللّٰہ کے اذن سے چلتا ہے۔ محلے کا بڑا؟ اللہ! کوئی چاہے کتنا بااثر ہو، حق صرف اسی کا ہے جس نے حق پیدا کیا۔ انصاف، عدل، امن۔ یہ سب صرف اللّٰہ کے نظام سے ممکن ہے۔ٹاؤن، شہر، صوبہ، ملک کا بڑا؟ اللہ.... صدر، وزیر، گورنر، چیف سب عہدے اللّٰہ کے دیے ہوئے ہیں، اور وہ جب چاہے واپس لے سکتا ہے۔حقیقی اختیار صرف ربِ کائنات کے پاس ہے۔ بازار، منڈی، کچہری، تھانے، عدالت، پارلیمنٹ ہر جگہ؟

جی ہاں! وہی بڑا ہے جو ہر جگہ موجود ہے۔ بازار میں تولنے والا ہو یا خریدنے والا اللہ ناظر ہے۔ منڈی میں سوداگر ہو یا خریدار ، اللہ کا حکم ہے کہ انصاف کرو۔ کچہری میں وکیل ہو یا جج ، فیصلہ اللہ کے انصاف کے مطابق ہونا چاہیے۔ تھانے میں اہلکار ہو یا ایس ایچ او ، اختیار اللہ کا امانت ہے۔ عدالت میں قانون بنے یا ٹوٹے ، اصل قانون اللّٰہ کا قرآن ہے۔ پارلیمنٹ میں بحث ہو یا فیصلہ ۔ اللہ کی شریعت سے بالاتر کوئی آئین نہیں! کائنات کا سب سے بڑا؟

اللّٰہ اکبر!
وہی جس کے ایک "کُن" سے پوری کائنات وجود میں آئی۔ نہ آسمان اس کے بغیر قائم رہ سکتا ہے، نہ زمین، نہ سورج، نہ چاند، نہ انسان، نہ حکومت، نہ نظام۔لہٰذا، ہر دل کی دھڑکن، ہر نظام کی بنیاد، ہر فیصلے کا مرکز، ہر گھر، گلی، محلے، ادارے، حکومت، سیاست ۔ سب پر صرف اور صرف اللہ کا حکم، اللّٰہ کا قانون، اللہ کی شریعت چلنی چاہیے! یہ نہ صرف ہمارا ایمان ہے بلکہ ہمارا فخر، ہمارا نظریہ، ہماری پہچان، اور ہماری آخری امید ہے۔

نعرۂ توحید بلند کریں.... نعرۂ تکبیر! اللّٰہ اکبر!
نظامِ مصطفی ﷺ زندہ باد!