پیارے دوستو سہیلیو بچو آج ہم مینوپاز / سَنِ یاس کی کہانی سنتے ہیں۔
مینوپاز انگلش کا لفظ ہےاس میں جہاں مینو آئے گا اس کا مطلب ہے مینسز یا ماہواری اور پاز Pause کا مطلب ہے رک جانا ۔ یعنی مینسز کا ٹھہر جانا اس کا اردو میں ترجمہ سَنِ یاس کیا گیا ہے۔
سن یعنی سال یاس یعنی یاسیت ،ناامیدی یا اداسی۔ یعنی ناامیدی یا اداسی کے سال۔ کچھ حد تک یہ ترجمہ درست بھی ہے لیکن کچھ حدتک یہ ترجمہ درست نہیں بھی ہے۔ ان شاءاللہ العزیز جب ہم یہ آرٹیکل مکمل کر لیں گے تو سَنِ یاس کو سَنِ شاد میں بدل دیں گے ان شاءاللہ العزیز۔ لیں جی مینوپاز کی کہانی سنتے ہیں۔ یہ کہانی کسی ایک خاتون کی نہیں۔ ہر خاتون، ہر بچی، ہر لڑکی، ہر عورت، ہر ایک کی ہے۔ ہم میں سے ہر ایک XX کروموسوم کی۔
سوچیں جب ایک بچی پیدا ہوتی ہے تو نہ اس کو مینسز آتے ہیں نہ ہی اسے دودھ پیدا ہوتا ہے لیکن کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ ہاسپٹل سیٹنگ میں ہمارے پاس ایک یا دو دن کی نوزائیدہ بچی لائی جاتی ہے جسے مینسز آ رہے ہوتے ہیں یا چھاتی سے دودھ کے قطرے چھلک رہے ہوتے ہیں ۔بچی کے والدین بہت پریشان ہوتے ہیں کہ یہ کیا ہو گیا ۔یہ کچھ بھی ایبنارمل نہیں ۔ ہوتا یہ ہے کہ ماں کے ہارمون آنول نال کے ذریعہ بچی میں ٹرانسفر ہو جاتے ہیں جن کی وجہ سے بچی کو وڈرال بلیڈنگ withdrawl bleeding یا ملک لیٹ ڈاون milk letdown ہو جاتا ہے۔
یہ چند دن رہتا ہے پھر ٹھیک ہو جاتا ہے ۔ لیکن اس سے ہمیں یہ پتا چل جاتا ہے کہ بچی میں کارآمد Working نظام تولید اور دودھ پلانے کا نظام موجود ہے ۔ اچھا یہاں سے بچی کی زندگی آگے بڑھنا شروع ہوتی ہے۔ بچی بالکل لڑکوں ہی کی طرح کھیلتے کودتے پڑھتے لکھتے گیارہ بارہ سال کی عمر تک آن پہنچتی ہے۔ یہاں آ کے بچی میں کچھ تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔کچھ مختلف محسوس ہونے لگتا ہے۔چھاتی بڑھنے لگتی ہے ۔ جسم کے زیریں حصوں پر بال ظاہر ہونے کرتے ہیں۔ پھر اسے سفید رنگ کا ڈسچارج شروع ہوتا ہے۔جس سے عموما بچیاں پریشان ہو جاتی ہیں۔
مائیں یہ مرحلہ جانتی سمجھتی بھی ہوں تب بھی بسا اوقات ڈاکٹر تک جانا پڑتا ہے ڈاکٹر تسلی دیتی ہے کہ سب ٹھیک ہے۔پھر کیا ہوتا ہے کہ بچی کو مینسز شروع ہوتے ہیں اس اسٹیج کو مینارکی MENARCHE کہا جاتا ہے۔ یعنی ماہواری کی ابتدا۔ ایک بات ذہن نشین کر لیجیے کہ آج کی کہانی میں جہاں بھی مین یا مینو ہو گا اس کا مطلب مینسز ہو گا ۔اور لفظ کے دوسرے حصہ کا مطلب تھوڑی بہت انگلش سمجھنے والے قارئین بھی بآسانی سمجھ سکتے ہیں کہ اس کا مطلب کیا ہو سکتا ہے۔