ہوم << اخو ان المسلمون سے نفرت اور بغض کیوں ؟ - عبدالعلام زیدی

اخو ان المسلمون سے نفرت اور بغض کیوں ؟ - عبدالعلام زیدی

ہمارے بعض دوست جو خود کو سلفی فکر کا ترجمان سمجھتے ہیں۔ ایک لمبے عرصے سے ا خو ان المسلمون کے بارے میں اس انداز میں بات کرتے ہیں کہ گویا وہ کوئی کافروں کی جماعت ہے ، یا منافقین کا ٹولہ ہے ۔

کاٹ کھانے کو دوڑتے ہیں ، ان کے علماء اور قیادتوں کا نام آتے ہی انہیں سانس چڑھنے لگتا ہے ، نتھنوں سے دھواں اٹھتا ہے ، منہ سے جھاگ سی نکلتی ہے ۔ اخوانی ، ایرانی پراکسی ، قطبی ، ہر الٹا سیدھا نام ان کی زبانوں پر جاری ہو جاتا ہے ، اپنے فالورز کو وہ اتنا ابلیس سے نہیں ڈراتے کہ جتنا وہ اخوان سے ڈرانے لگتے ہیں ۔ سوال ہے کہ آخر یہ اتنا غصہ کیوں ہے ؟ اتنی نفرت کیوں ؟

اس سے پہلے کہ ہم اس سوال کا جواب دیں۔ یہ حضرات خود کو سلفی فکر کی جانب منسوب کرتے ہیں ۔ سلفی فکر کے بزرگ علماء نے بلا شبہ اخوان المسلمین پر تنقید کی ہے انہیں سمجھایا ہے مگر وہ کبھی بھی ایسے باؤلے نہیں ہوئے کہ انہیں ان کی کوئی خیر ہی نظر نہ آتی ہو ، یا انہیں اخوان دشمنی کا کوئی مرض ہو گیا ہو ۔ آئیے اس حوالے سے شیخ ابن باز رحمہ اللہ کا ایک فتویٰ پڑھتے ہیں ۔

شیخ ابن باز رحمہ اللہ سے اخوان المسلمون ، اور دیگر اسلامی تحریکوں کے بارے میں سوال ہوا کہ ایک مسلمان کو ان کے ساتھ کیسا رویہ رکھنا چاہیے تو شیخ نے جو جواب دیا اس میں سے چند اقتباسات ملاحظہ فرمائیں۔
فرماتے ہیں:

"لیکن اگر کوئی جماعت کافر ہے: جو باطل کی دعوت دیتی ہو، قرآن و سنت کے خلاف بلاتی ہو، اور دین کے خلاف کام کرتی ہو، تو — اس کی مدد نہ کرو، بلکہ اس سے جنگ کرو، اس کا ساتھ نہ دو۔ لیکن جب کوئی جماعت اسلام کی دعوت دے رہی ہو: جیسے " ا خو ان المسلمون"، "جماعتِ انصار السنۃ"، "تبلیغی جماعت" یا دیگر جماعتیں جو اسلام کی طرف بلاتی ہیں، اور کہتی ہیں کہ وہ مسلمان ہیں — تو لازم ہے کہ ان کی بھلائی میں مدد کی جائے، ان کی اصلاح کی جائے، اگر ان میں کچھ باطل ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے، اور تم اور تمہارے بھائی ان کی خیر میں مددگار بنو، اور ان کے باطل کو چھوڑنے میں ان کے معاون بنو۔

ان جماعتوں کی مکمل تردید نہ کرو — نہ ان کے باطل کے ساتھ ان کے حق کو بھی مٹا دو۔ بلکہ حق کو بلند کرو، باطل کو ختم کرو، اور اپنے بھائیوں کے لیے ضرر رساں نہ بنو۔ایسا نہ ہو کہ تم ان سے دشمنی کرو اور ان پر سختی کرو صرف اس وجہ سے کہ ان میں کچھ غلطی یا کمزوری ہے — حالانکہ تمہارے اندر بھی کچھ نہ کچھ خامیاں موجود ہیں۔ ان کے پاس جو حق ہے اس پر ان کی مدد کرو، اور کوشش کرو کہ دلوں میں صفائی اور جماعتوں کے درمیان محبت پیدا ہو۔ان کے باطل کو دلیل کے ساتھ، اچھے انداز، نرمی، اور اچھے اخلاق سے بیان کرو۔

یاد رکھو:
اخوان المسلمین میں بھی کچھ نہ کچھ نقص ہے. تبلیغی جماعت میں بھی کچھ نہ کچھ نقص ہے. انصار السنۃ ( مصر کی ایک سلفی جماعت ، جیسے پاکستان میں جماعت اہل حدیث) میں بھی کچھ نہ کچھ نقص ہے۔ کوئی بھی مکمل نہیں ہے، ہر ایک میں کچھ نہ کچھ کمی کوتاہی موجود ہے۔لہٰذا خیر پر تعاون، صبر، حکمت، اچھا اندازِ گفتگو، کشادہ دلی، اور برداشت ضروری ہے۔تم اپنے بھائیوں سے بات کرتے ہوئے سختی اور جھڑکنے والے انداز سے بچو — کیونکہ اس سے دلوں میں نفرت پیدا ہوتی ہے اور دشمنی بڑھتی ہے۔ بلکہ نرمی، کشادہ دلی، غور و فکر، اور تحمل سے کام لو، لوگوں کو بھلائی کی طرف بلاؤ، ان کو اس پر ثابت قدم رکھو، اور اگر ان میں کوئی غلطی یا باطل ہو تو اچھے طریقے سے اس کی نشاندہی کرو اور ان کو اس سے بچاؤ۔ اے مومن! اور اے طالب علم! تم جہاں بھی ہو — مصر میں ہو، شام میں، ہندوستان میں، پاکستان میں — یہی طرزِ عمل اختیار کرو۔ "( شیخ ابن باز رحمہ اللہ کا فتویٰ مکمل ہوا )

شیخ کا یہ فتویٰ نارمل حالات میں تھا . اب ایسے حالات میں کہ جہاں اخوان المسلمون کی قیادتوں کو اسلام سے محبت کے جرم میں پھانسی کے پھندوں پر لٹکایا جا رہا ہے ، جیلیں ان سے بھری ہوئی ہیں ، یہود کے مدمقابل وہ صف آراء ہیں۔ ایسے حالات میں اخوان المسلمون کے خلاف محاذ آرائی کرنا ، نصیحت کی بجائے دشمنی کرنا ، حق میں ان کا ساتھ دینے کی بجائے ظالموں کے ہاتھ میں ہاتھ ملانا، یہ ساری حرکتیں مسلکی تعصب سے کہیں زیادہ اور بڑی گمراہی ہے ۔

اصل دشمنی مغرب ، سیکولرزم اور سیاسی اسلام کی ہے جس میں یہ مدخلی جو خود کو سلفی کہتے ہیں ۔ جبکہ سلفیت ان سے بری ہے ۔ مغربی بیانیے کا آلہ کار بن کر مسلمان ممالک میں اسلام کا دفاع کرنے والوں سے برسرپیکار ہیں ۔شیخ ابن باز رحمہ اللہ کے اس فتویٰ کی روشنی میں یہ بھی سمجھ لیں کہ ان لوگوں کا دور حاضر کے سلفی علماء سے کوئی تعلق نہیں ہیں ، یہ نفسیاتی امراض کا شکار ہیں ، خارجیوں اور تکفیریوں کے راستے پر گامزن ہیں ۔

دعا ہے کہ رب تعالیٰ انہیں ہدایت عطا فرمائے اور تمام اسلامی تحریکوں کی نصرت و مدد اور کمزوریوں کی اصلاح فرمائے آمین یارب.

Comments

Avatar photo

عبدالعلام زیدی

عبدالعلام زیدی اسلام آباد میں دینی ادارے the REVIVEL کو لیڈ کر رہے ہیں۔ اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس کے بعد سعودی عرب سے دینی تعلیم حاصل کی۔ زکریا یونیورسٹی ملتان سے ایم اے اسلامیات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولہور سے ایم اے عربی کیا۔ سرگودھا یونیورسٹی سے اسلامیات میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ لاہور میں تعلیم کے دوران جامعہ ازھر مصر سے آئے اساتذہ سے استفادہ کیا۔ دارالحدیث محمدیہ درس نظامی کی تکمیل کی۔ دینی تعلیمات اور انسانی نفسیات پر گہری نظر رکھتے ہیں

Click here to post a comment