ہوم << عید ان کے لیے - شاہ فیصل ناصر

عید ان کے لیے - شاہ فیصل ناصر

” اس مزدور کا کیا بدلہ ہونا چاہیے جو اپنا کام(بحسن خوبی) انجام دےدے ؟؟“
الله سبحانہ وتعالی اپنے علم وجلال کے ساتھ فرشتوں سے دریافت فرماتے ہیں۔
فرشتے بیک زبان جواب دیتے ہیں،” اے رب کریم! اس کو اجرت اور مزدوری پوری پوری ملنی چاہیے۔“
اچھا! ”جن لوگوں نے فرائض پوری طرح ادا کیےاور اپنا عہد نبھایا، ان کےلیے آج رات ”لیلة الجائزہ” (یعنی انعام کی رات) اچھے بدلے کا اعلان کیا جاتا ہے.“
لِكُلّ قَومٍ عيدٌ -وَ هذا عِيدُناَ ”ہر قوم کی خوشی کا ایک دن ہوتاہے اور یہ ہماری خوشی کادن ہے.“

اللہ تعالی نے اپنے بندوں پر سال میں ایک مہینہ رمضان المبارک میں کچھ خاص عبادات مقرر کی ہیں۔ دن کے وقت اپنی مالک کی رضا کےلیے طعام وشراب اور جائز خواہشات پر پابندی برداشت کرنا اور رات کا ایک حصہ قیام اللیل (نماز تراویح) میں کلام الہی پڑھنے اور سننے کےلیے بے خوابی میں گزارنا۔۔

جس نے رمضان المبارک کےان قیمتی لمحات کو بندگی رب میں گزارا، اپنے نفس کو قابو کرکے پابندی اور تکلیف برداشت کی، ان کےلیے آج یقینا خوشی اور عید کا دن ہے۔ کیونکہ آج ان کو اپنے مالک کی رضا اور اپنے گناہوں کی بخشش نصیب ہوگی۔

ارشاد نبویﷺ کا خلاصہ ہے، ” عیدالفطر کی رات کو آسمانوں میں لیلۃ الجائزہ یعنی انعام کی رات کہا جاتا ہے۔ عید کی صبح اللہ تعالی فرشتوں کو تمام شہروں میں بھیجتے ہیں اور یہ اعلان کرتے ہیں کہ اے امت محمدﷺ ! اس کریم رب کی طرف چلو جو بہت زیادہ فیاض(سخی) اور معاف کرنے والا ہے۔ جب لوگ عیدگاہ کی طرف نکلتے ہیں تو اللہ تعالی ملائکوں کو گواہ بناکر فرماتے ہیں: ”میں نے ان کو رمضان کے روزوں اور قیام اللیل(تراویح) کے بدلے، اپنی رضا اور مغفرت عطا کردی۔ میری عزت کی قسم! جب تک یہ لوگ میرا خیال رکھیں گے یعنی میری اطاعت کریں گے میں ان کی پردہ پوشی کروں گا اور دشمنوں کے سامنے ان کو ذلیل و رسوا نہیں کروں گا۔“

امت محمدیہ کے روزہ داروں کا یہ انعام واکرام دیکھ کر فرشتے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہیں. یقینا اصل عید اور خوشی ان نیک بندوں کےلیے ہے جنھوں نے اپنی زندگی رب کی اطاعت اور آخرت کی تیاری کےلیے گزار دی ہو۔ شاعر نے کیا خوب کہا ہے۔
لَيسَ ألعِيدُ لِمَن لَبِسَ ألجَديدُ
إنَّماألعِيدُ لِمَن أَمَّنَ ألوَعِيد
عیدان لوگوں کےلیے نہیں جو نئے نئے کپڑے پہن لیں، اصل عید ان کےلیے ہے جن کو عذاب سے امن مل گیا۔ یقینا ان کےلیے خوشی ہے ان کےلیے عید ہے۔۔

عزیز ساتھیو !
اپنی عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے اور مالک سے پورا پورا اجر حاصل کرنے کے لیے اب بھی ہمارے پاس رمضان المبارک کی چند قیمتی ایام باقی ہیں۔ ان میں محنت کرکے ہم، گزرے ہوئے دنوں کے نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں۔ بس دیر نہ کیجیے، ابھی صدق دل سے توبہ کیجیے، اور آخری عشرہ کے ان روح پرور اوقات میں اللہ کے فرمانبردار بندوں کے قافلے میں شامل ہونے کےلیے قدم بڑھادیجیے۔ پروردگار!!! ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے. آمین

Comments

Avatar photo

شاہ فیصل ناصر

شاہ فیصل ناصر نے علوم اسلامیہ میں ماسٹرز کیا ہے۔ بطور معلم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کئی رسائل و جرائد میں لکھتے رہے ہیں۔ دعوت اسلام، اصلاح معاشرہ اور اتحاد امت ان کے موضوعات ہیں۔ داستانِ حج 1440 ھ کے نام سے سفرنامہ لکھا ہے۔

Click here to post a comment