ہوم << جنت خریدنے کا مہینہ، تیاری کر لیں. حریم شفیق

جنت خریدنے کا مہینہ، تیاری کر لیں. حریم شفیق

روزے آ رہے ہیں تیاری کر لو ۔۔۔جاۓ نمازیں دھو لو۔۔۔گھرکی بس ایک دفعہ اچھی سے صفائی کر لو تاکہ رمضان میں بار بار نہ کرنی پڑے۔۔۔جو برتن افطار میں ضرورت پڑیں، الماری کا ایک خانہ اس کے لیے مخصوص ہو جاۓ تاکہ اس جگہ سے برتن اٹھائیں اور وہیں رکھ کے جلد فارغ ہو جائیں ۔۔۔کپڑوں کی الماریوں میں ایک مہینے کے حساب کے بس چندھوڑی سیٹ کرلیں، صاف ستھرے بھی ہوں اتنا مبارک مہینہ ہے ناں۔۔۔بس زیادہ پھیلاوہ الماری کا نہ ہو جاۓ۔نماز کے دوپٹے الگ سے دھو دھلا کر رکھ لیں۔۔۔۔تہجد کی عادت ابھی سے ڈال لیں اور کچھ اذکار بھی مختص کر لیں۔

اور ہاں سب سے ضروری بات گھر کی صفائی کے ساتھ ساتھ دل کی صفائی بھی تو ضروری ہے، سارا میل کچیل،کینہ،حسد،نفرت،شکوے شکایتیں دور کر لیں ۔۔۔۔مثبت سوچ اپنائیں گے تو ہر عمل کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے ۔وقت، صحت،رزق میں برکت ہوگی دلوں میں وسعت ہوگی تو دسترخوان بھی وسیع ہوں گے۔ صدقات کی نیت بنا لیں، ارد گرد نگاہ دوڑائیں، کوئی مستحق کوئی محروم، اس کے لیے دل کو وسیع کریں۔۔ اکثر محلے کے دکانداروں کو سفید پوشوں کا پتا ہی ہوتا ہے گنجائش نکل سکے تو بنا ان خاندانوں کو بتاۓ دکاندار قابل بھروسہ ہو تو راشن دلوا دیں ان سے۔

یہ تو جنت خریدنے کا مہینہ ہے چھوٹے چھوٹے اعمال کے عوض اتنی قیمتی جاۓ پناہ"جنت"حاصل ہو جاۓ تو سودا مہنگا نہیں ہے۔۔۔ابھی مہلت عمل باقی ہے تیاری کر لیں۔۔۔اورہاں سب سے اہم بات تو رہ ہی گئی سودا سلف خریدتے ہوۓ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو نہ بھول جائیے گا. اسرائیلی مصنوعات اپنے دسترخوان کی زینت بنا کر ساری محنت پہ پانی نہ پھیر دینا. کہیں روز حشر ان معصوم بے گناہوں کے لہو سے ہمارے ہاتھ بھی رنگین نہ نظر آئیں۔اللہ ہم سب کو نیک عمل کی توفیق دے آمین۔

آپ بھی سوچ رہے ہوں گے یہ کیسی تیاری ہے، نہ رول ہیں نہ سموسے نہ ہی پکوڑوں کی ریسیپیز ؟تو جناب حسب توفیق ضرور بنائیے گا مگر اسراف سے خود کو بچانا ہے. مؤمن کی تیاری ذرا وکھرے ٹائپ کی ہوتی ہے. کیا خیال ہے آپ کا؟

Comments

Click here to post a comment