ہوم << ٹوکیو یونیورسٹی کے وفد کے ساتھ یادگار نشست - محمد کامران اتمان خیل

ٹوکیو یونیورسٹی کے وفد کے ساتھ یادگار نشست - محمد کامران اتمان خیل

12 فروری 2025 بروز منگل، اورینٹل کالج میں انجمن اردو کے زیر اہتمام ٹوکیو یونیورسٹی، جاپان کے شعبہ اردو کے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ ادارہ زبان و ادبیات میں ایک یادگار علمی و ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس نشست میں شعبہ اردو کے اساتذہ کرام ڈاکٹر عارفہ شہزاد، ڈاکٹر محمد نعیم، ڈاکٹر ظہیر عباس محترمہ سونیا سلیم اور محترم مشتاق احمد خان کے علاوہ ادارہ زبان و ادبیات اردو کی ڈائریکٹر، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین صاحبہ نے شرکت کی۔

نشست کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ساجد صدیق نظامی نے انجام دیے، جنہوں نے مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے اردو زبان کی بین الاقوامی مقبولیت اور اس کی تدریس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ٹوکیو یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو، میاماکین ساکو نے جاپان میں اردو زبان کی روایت اور اس کی تدریس پر ایک مختصر مگر جامع گفتگو کی، جس میں انہوں نے اردو کے جاپانی طالب علموں کی دلچسپی اور اس زبان کی مقبولیت کے حوالے سے قیمتی معلومات فراہم کیں۔

پروفیسر تور مایا ساتو نے جاپان میں اردو زبان کے ساتھ ساتھ دیگر ہندوستانی زبانوں کی تدریس پر روشنی ڈالی۔ ان کی گفتگو کا خاص پہلو پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا اور پٹھانوں کی ثقافت کے حوالے سے تھا، جس میں انہوں نے اپنے مطالعاتی تجربات اور دلچسپیوں کو طلبہ کے ساتھ شیئر کیا۔

دوران نشست مہمان اساتذہ اور ادارہ زبان و ادبیات اردو کی ڈائریکٹر نے دونوں اداروں کے مابین باہمی اشتراک کے معاہدے پر بھی ابتدائی بات چیت کی، تاکہ اردو زبان و ادب کے فروغ میں مزید پیش رفت ہوسکے۔

نشست کے اختتام پر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین صاحبہ نے جاپان میں اردو کی روایت اور علامہ اقبال کے کلام کے جاپانی تراجم پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے اردو زبان کی بین الاقوامی حیثیت اور اس کے فروغ میں جاپانی اساتذہ اور طلبہ کے کردار کو سراہا۔

آخر میں، ڈاکٹر بصیرہ عنبرین صاحبہ نے ٹوکیو یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا اور اس علمی نشست کو اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اس نشست نے اردو زبان کی بین الاقوامی مقبولیت اور اس کے تعلیمی و تحقیقی امکانات کو مزید واضح کیا۔

نشست برخاست ہونے پر مہانوں کو ادارے کی مطبوعات کا ایک ایک سیٹ جبکہ جاپانی طلباء کو ادبی مجلے "سخن" کے شمارے پیش کیے گئے ۔ اس موقع پر جاپانی طلباء کو اورینٹل کالج کا دورہ بھی کرایا گیا جس سے ان کو کالج کے تحقیقی و تعلیمی ماحول کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

Comments

محمد کامران اتمان خیل

محمد کامران اتمان خیل شاعر اور افسانہ نگار ہیں۔ شاعری پشتو زبان میں کرتے ہیں۔ ترجمہ نگاری میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ اردو میں پشتو افسانوں کے تراجم اور اردو سے پشتو میں منظوم تراجم کیے ہیں۔ اورینٹل کالج، جامعہ پنجاب لاہور سے بی ایس اردو کیا ہے۔ ادب، زبان اور ثقافت کے میدان میں سرگرم عمل ہیں۔ اپنی تخلیقی صلاحیت اور ترجمہ نگاری کے ذریعے ادب کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

Click here to post a comment