لاہور : چئیرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون نے اپنے دورہ لاہور کے دوران سینر صحافی و تجزیہ کار ، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے رہنما اور چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی کی عیادت کی۔ اس موقع پر پریس کونسل آف پاکستان کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔
اس سے قبل چیئرمین پی سی پی محمد ارشد خان جدون نے وکلا نمائندوں ، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔
چیئرمین پی سی پی کا کہنا تھا کہ صحافت کو درپیش مسائل اور پرنٹ جرنلزم کی مشکلات کے دور میں حکومت اور حکومتی ادارے اخبارات اور رسائل و جرائد کی ترقی اور صحافی کارکنوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے،اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سینئر صحافیوں کو بھی اہم کردار ادا کرنا چاہیے، اُنہوں نے فیک نیوز کی روک تھام اور ملکی ترقی میں صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر ایڈیٹر روزنامہ پاکستان عثمان شامی۔ ہزارہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تیمور اقبال اور فیصل بن نصیر سمیت ینگ وکلاء کے نمائندہ عبدالمعز خان اور محمد ظہور ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
ارشد خان جدون کا کہنا تھا کہ "پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے ،ترقی اور ملکی استحکام ہمارا اولین فریضہ ہے۔"اُنہوں نے فیک نیوز کے نقصانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "فیک نیوز کی وجہ سے نہ صرف صحافت تنزلی کا شکار ہے بلکہ صحافتی ادارے بھی اس فیک نیوز کو کنٹرول کرنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں جبکہ حکومتی سطح پر اسے منظم انداز میں کنٹرول کرنے کی جدوجہد جاری ہے۔" اُنہوں نے اپنی بات کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ " ہم جلد فیک نیوز ، اسے پھیلانے والے عناصر ،سہولت کاروں اور ملک دشمن عناصر پر کنٹرول پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی یک جہتی میں ہی ہم سب کی کامیابی پنہاں ہے۔
اس موقع پرسینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے چئیرمین پی سی پی کا عیادت پر شکریہ ادا کیا، سینیر صحافی مجیب الرحمن شامی نے صحافت کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا خبر عبادت سمجھ کر دی جاتی تھی لیکن موجودہ دور میں فیک نیوز نے صحافت اور خاص کر اخبارات و رسائل سمیت آن لائن جرنلزم کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستان میں جو عناصر بذریعہ فیک نیوز انارکی پھیلانا چاہتے ہیں وہ بالکل ناکام ہوں گے ۔ اُنہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اس عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔صحافت کی بقا اسی میں مضمر ہے۔ اور ہم سب من حیث القوم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
عبدالمعز خان نے پی سی پی کے اغراض و مقاصد صحافیوں سے شیئر کیے جبکہ چیرمین پی سی پی نے ادارے کا کتابچہ بھی مجیب الرحمن شامی کو پیش کیا۔ اس موقع پر تیمور اقبال ہزارہ جرنسلٹ ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ صحافی یک زبان پاکستان کی سلامتی کے لے بزور قلم و کیمرا میدان میں ہیں اور ہم پریس کونسل آف پاکستان کے فیک نیوز کو کنٹرول کرنے کے اہم کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کی بدولت ہم مضبوط سے مضبوط تر ہیں اور یہ ملک ہی ہماری پہچان ہے۔
تبصرہ لکھیے