ہوم << اسکور مکمل کہانی نہیں سناتا-سید شہریار کاظمی

اسکور مکمل کہانی نہیں سناتا-سید شہریار کاظمی

پاکستان بمقابلہ سعودیہ عرب فٹبال میچ، فائنل اسکور ، سعودی عرب 4، پاکستان صفر
بظاہر اسکور بورڈ کو دیکھ کر لگتا ہے کہ پاکستان بری طرح یہ فٹبال میچ ہارا ہے۔ مگر کہانی یہ نہیں۔
آٹھ سال سے باقاعدہ فٹ بال دیکھ رہا ہوں۔ آج پہلی مرتبہ کسی قابل ذکر میچ میں پاکستان کو دیکھ کر جو کیفیات تھی وہ بیان کرنا مشکل ہے، سبز ہلالی پرچم سعودیہ کے گراؤنڈ میں لہرا رہا تھا، ہمارے لڑکے (جو کسی بھی کلب سے محروم ہیں) اس ٹیم کے خلاف کھیل رہے تھے جو ورلڈ چیمپیئن ارجنٹینا کو ہرا چکی ہے، جس کے پلیئرز رونالڈو، بینزیما، نیمار اور فرمینو جیسے ٹاپ کلاس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ یہ مقابلہ پاکستان فٹ بال کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
یہ مقابلہ دو ایسی ٹیموں کے خلاف ہے جن کے درمیان وسائل کا کوئی موازنہ نہیں ہے۔ سعودیہ کی فٹبال جرسی ایڈیڈاس اسپانسر کرتا ہے، پاکستان کے پاس میجر اسپانسر ہی نہیں ہے، سعودیہ کی ڈومیسٹک لیگ میں دنیائے فٹبال کے ٹاپ کھلاڑی کھیلتے ہیں، ہمارے پاس لیگ اسٹرکچر ہی نہیں ہے، سعودیہ کا کوچ اطالوی لیجنڈ روبرٹو مانسینی ہے۔ سعودیہ کے ایک فٹ بال پلئیر کی سالانہ آمدنی ہمارے پورے فٹ بالنگ سیٹ اپ سے زیادہ ہے۔
باوجود اسکے ہمارے لڑکوں نے بہترین کھیل پیش کیا، اور 90 منٹ تک سعودیہ کو دو گولز تک محدود رکھا، لڑکوں نے دو بہترین اٹیک بھی کیے جو اویسی نے شاندار طریقے سے روک لیے (سعودیہ کا یہ گول کیپر رونالڈو اور میسی جیسے پلئیرز کے خلاف زچ کردینے والی پرفارمنس دے چکا ہے) انجری ٹائم میں پاکستان کو دو گول پڑ گئے جسکی وجہ سے یہ اسکور بورڈ ہمیں 4-0 نظر آتا ہے۔
تو یہ تصویر کہانی کا عکس نہیں ہے۔ ہماری کہانی اس تصویر سے ماوراء ہے، اور یہ وہ پہلا قدم ہے جو دنیائے فٹ بال میں ہم نے رکھا ہے۔ بغیر کسی منظم نظام کے، یہ قدم اپنے آپ میں ایک داستان ایک کامیابی ہے۔

Comments

Click here to post a comment