کرسٹیانو رونالڈو یوں تو خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں مگر تازہ صورتحال جس نے رونالڈو کو ہر فٹ بال شائق کی توجہ کا محور بنا دیا ہے وہ رونالڈو کا سعودی کلب النصر سے کیا جانے والا معاہدہ ہے۔ ڈھائی سال پر مشتمل یہ معاہدہ اس حوالے سے ریکارڈ ساز ہے کہ اس کے بعد کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ اس معاہدے کی بدولت سالانہ 200 ملین ڈالر کے لگ بھگ آمدنی حاصل کریں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو ، سعودی عرب کی آل اسٹارز الیون کی جانب سے اپنا پہلا میچ ، پیرس سینٹ جرمین کے خلاف 19 جنوری ، رات دس بجے بروز جمعرات کو کھیلنے والے ہیں۔
لائنل میسی، مباپے اور نیمار جونیئر سمیت بہت سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز پیرس سینٹ جرمین کا حصہ ہیں۔
النصر سے اس معاہدہ کا مطلب کرسٹیانو رونالڈو کی یورپین فٹ بال کے سفر کا اختتام بھی ہے۔ اور یوں پندرہ سال سے جاری عظیم فٹ بالر لیونل میسی سے انکی حریفانہ مسابقت کا اختتام ہو چکا ہے۔ اس موقعہ پر ہم رونالڈو کے بنائے گئے چند ریکارڈز کا تذکرہ کرنا مناسب سمجھتے ہیں۔
رونالڈو فٹبال کے بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ 118 گول کرنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں، انھوں نے یہ ریکارڈ ایران کے علی داعی سے چھینا جن کے 109 گولز تھے۔ اب تک رونالڈو اور علی داعی ہی فٹ بال کے عالمی مقابلوں میں 100 سے زائد گول کرسکے ہیں۔
عالمی مقابلوں کے ساتھ ساتھ رونالڈو کلب فٹ بال میں بھی سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں انھوں نے کلب فٹبال میں کل 810 دفعہ گیند کو جال کے اندر پہنچایا ہے۔
رونالڈو ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے سرفہرست سٹرائیکر ہیں، انھوں نے رئیل میڈرڈ کے لیے ریکارڈ 451 گول اسکور کیے ہیں۔ اسکے علاوہ وہ اطالوی کلب جویئنٹس کی جانب سے تیز ترین 100 گول کرنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔
یہ تو رہی داستان رونالڈو کے گولز کی، اب بات کرلی جائے رونالڈو کی ٹرافیوں اور میڈلز کی۔۔۔
پرتگال کی جانب سے رونالڈو کی شاندار پرفارمنس
رونالڈو پرتگال کے عظیم ترین کھلاڑی ہیں۔ رونالڈو سے پہلے پرتگال صرف 3 دفعہ ورلڈ کپ کھیل سکی تھی، رونالڈو کے پرتگال کی طرف سے کھیلنے کے بعد پرتگال پانچ میں سے پانچ مرتبہ ورلڈ کپ کے لیے اہل ثابت ہوئی۔ رونالڈو نے پرتگال کو 2016 میں یورپ کے سب سے بڑے فٹ بال مقابلے یورو کپ کا فاتح بنوایا، اور 2018 میں افتتاحی نیشنز لیگ کا تاج بھی پرتگال کے سر پر سجانے کا سبب بنے۔
اس کے علاوہ کلب فٹ بال میں رونالڈو؛ کلب کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے چیمپینز لیگ کے پانچ مرتبہ فاتح رہے ہیں۔ انھوں نے انگریزی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے ایک اور ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کی جانب سے چار مرتبہ اس کپ کو جیتا ہے۔ رئیل میڈرڈ کی جانب سے ہی رونالڈو کو 4 کلب ورلڈ کپس، اور تین یوئیفا سپر کپ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
انھوں نے مانچسٹر یونائٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے تین مرتبہ انگلش لیگ، رئیل میڈرڈ کی جانب سے دو مرتبہ ہسپانوی لیگ، اور جوئینٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے دو مرتبہ اطالوی لیگ جیتی۔ دونالڈو پانچ بیلن ڈور جیت چکے ہیں۔ رونالڈو نے دس مرتبہ سال کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ یوئیفا کے سالانہ فٹ بالر کا اعزاز وہ پانچ دفعہ اپنے نام کرچکے ہیں۔ اسکے علاوہ انھوں نے پانچ مرتبہ گولڈن بوٹ بھی جیت رکھا ہے۔
تبصرہ لکھیے