ہوم << قطر کا پہلا قطرہ-فاروق بھٹی

قطر کا پہلا قطرہ-فاروق بھٹی

گمان غالب ہے فیفا ورلڈ کپ تنازعات کا شکار ہو جائے گا یا کر دیا جائے گا۔ 1930 سے ہر چار سال بعد (ماسوائے 1942 اور 1946 بوجہ جنگ عظیم دوئم) مسلسل منعقد ہوتا آیا ہے۔ 98 سال ہو گئے، ٹیمیں شامل ہوتے ہوتے 32 ہو چکی ہیں۔ 2018 کا چیمپئن فرانس ہے جو مسلم دشمنی میں نمبر ون ملک رہا ہے۔ کسی مسلم ملک میں منعقد ہونے والا یہ پہلا ورلڈ کپ ہے جو قطر کے قومی دن 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔

قطر کو مہمان نوازی سے روکنے کے لئے بڑی کوششیں ہوئیں۔ اس کے خلاف انسانی اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزیوں کا پراپیگنڈہ کیا گیا۔ اسے خواتین اور ٹرانجینڈرز حقوق کا غاصب کہا گیا، اس پر غیرملکی ملازمین کو بری حالت میں رکھنے کا الزام لگایا گیا۔ قطر کو لواطت کا مخالف ملک قرار دیا گیا، موسمی حالات کا بہانہ بنایا گیا۔ حتیٰ کہ فیفا کے سابق صدر Sepp Blatter کا فرمان سامنے آیا، "تم پچھتاوؑ گے" ۔۔۔

قطر نے فیفا کے مطالبات پر شش رنگا پرچم (+LGBTQ کا جھنڈا) لہرانے اور محدود پیمانے (عوامی مقامات پر نہیں) پر شراب نوشی کی اجازت دی (اطلاعات کے مطابق دونوں اجازتیں واپس لئے جانے کا امکان ہے۔) قطر پر bid جیتنے کے بھی 150 ملین ڈالرز سے ذیادہ رشوت دینے سینکڑوں الزامات سامنے آئے۔ تحقیقات میں کچھ ثابت نہ ہوا۔

افتتاحی تقریب سب کے سامنے ہے، ورلڈ کپ کا آغاز ہو چکا ہے، شاندار آغاز۔ اسلام پسند اپنے سی کوششوں میں مصروف ہیں اور مغربی میڈیا روایتی مسلم دشمن پراپیگنڈہ میں سرتوڑ کوشش کر رہا ہے۔ ایک میچ ہے جو گراوؑنڈ پر ہو رہا ہے اور ایک میچ ہے جو پراپیگنڈہ ہاوؑسز میں کھیلا جا رہا ہے۔

فیفا کی افتتاحی تقریب کا منظر تو سب دیکھ چکے ہیں، نامور امریکی اداکار مورگن فریمین سوال کرتا ہے، "دنیا میں مختلف اقوام، نسلیں، ثقافتیں کس طرح مل جل کر ساتھ رہ سکتی ہیں؟

جواب میں ایک معذور عرب بچہ سورہ حجرات کی آیت 13 پڑھتا ہے۔

يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّن ذَكَرٍ وَ أُنثَىٰ وَ جَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَ قَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا ۚ إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ۔

اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اورایک عورت سے پیدا کیا اور تمہیں قومیں اور قبیلے بنایا تاکہ تم آپس میں پہچان رکھو، بیشک اللہ کے یہاں تم میں زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں زیادہ پرہیزگارہے بیشک اللہ جاننے والا خبردار ہے۔

اس ورلڈ کپ میں سب کچھ اسلامی نہیں ہو گا۔ سب کچھ ٹھیک نہیں ہو گا ۔ بہت کچھ قابل اعتراض بھی ہو گا لیکن جو اچھا اور پہلی مرتبہ ہو رہا ہے، اسے شاباشی دیں، پھیلائیں۔ یہ بڑی جرات کا قابل تعریف کام ہے۔ قطر دعوت کی بارش کا پہلا قطرہ بن سکتا ہے اگر مسلمان اور انسانیت پسند انسان فیفا کے دوران اچھا ہونے والے کی پشت پناہی کریں۔

قطری شہزادے کے خط کی صحت کی بحث کو چھوڑیں ۔۔۔
قطر کی حمایت کریں