ہوم << المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میدان میں- محمد اکرم چوہدری

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے میدان میں- محمد اکرم چوہدری

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ نے ملک عزیز میں جولائی کے آخر میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کا آغاز کیا جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی ٹیموں نے ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں میڈیکل کیمپوں میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد، ادویات، ایمبولینس سروس کی سہولیات، خوراک ،پینے کے صاف پانی اور راشن کے علاوہ خیمے بھی مہیا کئے گئے، ٹریکٹروں کی مدد سے سڑکیں اور راستے کھولنے کے بعد آمدو رفت کا سلسلہ بحال کرنے کا کام بھی کیا گیا۔ جولائی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے پھیلنے والی تباہی کے بعد المصطفیٰ ٹرسٹ کی امدادی ٹیمیوں نے فوری طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچ کر ریلیف کا کام شروع کر دیا۔جنوبی پنجاب میں کوہ سلیمان سے سیلابی ریلوں کی وجہ سے تباہی پھیل گئی، المصطفی کی رضا کار ٹیموں نے ڈیرہ غازی خان، پل قمبر، بستی احمدانی، کوٹ مبارک ، راجن پور فاضل پور کے علاقوں میں مویبت زدہ خاندانوں کو کشتیوں کی مدد سے باہر نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

گھریلو سامان، مال مویشی بھی بحفاظت نکال لئے گئے، متاثرین سیلاب کو بعد ازاں خیمے مہیا کئے گئے اور میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایمبولینس سروس کے ذریعے تحصیل اور ضلعی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، آلودہ پانی کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقوں میں پیٹ اور جلدی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں جس کے لئے لیب ٹیسٹوں، ادویات اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں، سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں کھانے کی تقسیم اور پینے کے صاف پانی کی بوتلیں بھی مہیا کی گئیں، بستی احمدانی میں ٹریکٹروں کی مدد سے سڑکوں اور راستوں کو دوبارہ کھول دیا گیا جس کے بعد متاثرین سیلاب کی آمد ورفت کا سلسلہ بحال ہوا۔

سیلاب کے بعد گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے سامان کو باہر نکال کر محفوظ جگہوں پر منتقل کردیا گیا، المصطفیٰ کی ٹیموں نے بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ ، جھل مگسی، گنڈاواہ، کنڑا، کوٹرا، لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے کی تقسیم کے علاوہ ہر متاثرہ خاندان کو ایک ماہ کا مفت راشن دیا گیا جس میں آٹا، دالیں، گھی چاول،چینی، چائے، پینے کا صاف پانی، بچوں کا خشک دودھ سمیت دیگر سامان شامل تھا۔امدادی کاموں میں افواج پاکستان اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور ساتھ دیا۔

المصطفیٰ سیلاب زدگان کو تنہا نہ چھوڑنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔المصطفیٰ مصیبت کی گھڑی میں سیلاب زدگان کو اکیلے نہ چھوڑنے اور ان کی اپنے گھروں میں باعزت واپسی اور بحالی تک ریلیف کا کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ سیلاب زدگان کے لئے مالی عطیات کی اشد ضرورت ہے تاکہ بحالی کے کاموں کا آغازکیا جائے۔المصطفی آئی ہسپتال کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے تونسہ میں میڈیکل ریلیف مشن روانہ کیا گیا ِ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کی نگرانی میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم تونسہ، راجن پور،بستی احمدانی، فاضل پور، مبارک پور سمیت دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں فری میڈیکل کمیپ لگائے جہاں میڈیکل ٹیسٹ بلڈ پریشر، بلڈ ٹیسٹ، ہیپا ٹائٹس، جلد، پیٹ،پیجش، ملیریا، پانی سے پیدا ہونے والے امراض کی تشخیص،علاج ادویات کی مفت سہولیات مہیا کی گئیں۔

میڈیکل ریلیف مشن میں شامل 12ڈاکٹروں میں ڈاکٹر عائشہ صدیقہ، ڈاکٹر ویشہ کومل، ڈاکٹر ریحان اکرم، ڈاکٹر مصطفی ہاشمی، ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر شاہ زیب، ڈاکٹر سہیل ڈاکٹر عزیر‘ ڈاکٹر منیب اور ڈاکٹر خاور سمیت دیگر شامل ہیں۔ ٹرسٹ نے سیلاب متاثرین کے لئے مفت لوڈر گاڑیاں مہیا کرنے کا فیصلہ کیا مخیر افراد، تنظیمیں اور ادارے جو لاہور سے تونسہ امدادی سامان بھیجنا چاہتے ہیں وہ اپنے ہاتھوں سے سیلاب متاثرین میں سامان تقسیم کریں جس کے لئے لوڈر گاڑی کے ساتھ ایک نمائندہ کو بھی ساتھ جانے کے لئے ٹرانسپورٹ مہیا کی جارہی ہے۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ایک کروڑ روپے سے قائم ریلیف فنڈ قائم کرنے کے بعد سیلاب متاثرین کی مدد کے پیشِ نظر عطیات جمع کرنے کے لئے پریس کلب شملہ پہاڑی، المصطفی آئی ہسپتال ، لکشمی چوک میں ریلیف کیمپ لگا دئیے ہیں جہاں امدادی سامان جمع کیا جارہا ہے، سیلاب زدگان کو سب سے زیادہ خشک راشن، بستر، چادریں، پینے کا صاف پانی، خیمے اور کھانے کی اشد ضرورت ہے۔ یہ ملک و قوم کی خدمت ہے اور سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں تعمیر نو کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد بھی ایک ہفتہ کے دورہ پر پاکستان پہنچے ہیں جنھوں نے سیلاب سے متاثرہ تونسہ، ڈیر غازی خان، راجن پور، خیبر پختونخواہ میں نوشہرہ، مدین، سوات ، کالام ، بحرین سمیت دیگر کا دورہ کیا ، انھوں نے خیبر پختونخواہ میں سیلاب کی وجہ سے بحرین کے ہوٹل مالکان سے ملاقاتیں کیں اور ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ اس موقع پر مالکان نے کہا کہ دریائے سوات میں سیلاب کی وجہ سے ڈیڑھ سو سے زائد ہوٹل تباہ ہوگئے، 1100دکانیں مسمار ہو گئیں، ہوٹلوں کے کمروں میں ریت جمع ہو گئی، اس وقت ہوٹلوں میں کام کرنے والے ملازمین کسمپرسی کا شکار ہیں اور انھیں مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔

عبدالرزاق ساجد نے لاہور سے جنوبی پنجاب ، خیبر پختونخواہ ، سندھ اور بلوچستان میں امدادی سامان کی سپلائی کے لئے مفٹ لوڈر ٹرک بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا جس امدادی کاموں کی رفتار تیز ہو گئی ہے۔عبدالرزاق ساجد نے پی سی ہوٹل لاہور میں نیشنل فلڈ سیمینار بعنوان سیلاب کی تباہی، بحالی اور مستقل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے سیمینار کی میزبانی بھی کی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان تھے جبکہ سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب، ماہر تعمیرات شازینہ فاضل، سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان، پروفیسر ڈاکٹر غلام قادر فیاض، ڈاکٹرنوشینہ ، سید ارشاد عارف، مہر صاحبزاد ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، ڈی جی ریسکیو 1122 ،پروفیسر ڈاکٹر ناصر چودھری، وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر منصور سرور، لاہور چیمبر پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمان سہگل، لاہور چیمبر کے سابق سنیئر نائب صدر مہر کاشف یونس، ایگزیکٹو ممبر حکیم محمد عثمان سمیت کثیر تعداد میں ماہرین شریک ہوئے۔

اس موقع پر عبدالرزاق ساجد نے انتہائی درد دل سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش اور دکھ کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سماجی ، مذہبی اور سیاسی جماعتوں سمیت پوری قوم کو مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ سیلاب زدگان کی بحالی اور انھیں پھر سے زندگی کی طرف لانا اصل چیلنج ہے ، جس سے نبٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں اور قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ اس وقت سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر سیلاب زدگان کی داد رسی کے مشن پر توجہ دینا ہو گی۔

المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ خیبر پختونخواہ سے بلوچستان تک ، ہر جگہ ہر وقت ، سیلاب زدگان کے درد بانٹنے کے لئے متحرک و فعال ہے۔ میری دردمندانہ اپیل ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کے لئے المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ کا ساتھ دیں۔المصطفیٰ کو سیلاب زدگان کے لئے اپنی زکوۃ، صدقات ، خیرات آن لائن اکائونٹ میں جمع کراسکتے ہیں AL-MUSTAFA WELFARE TRUS-ZAKAT, BANK: SUMMIT BANK, ACC NO: 0103 2920 3117 1413 7435

اب فون کر کے بھی عطیات دے سکتے ہیں فون نمبر 042-36298045,042-36372532براہ راست عطیات کے لئے المصطفیٰ آئی ہسپتال نزد بورڈ آف انٹر میڈیٹ لارنس روڈ لاہور رابطہ ہوسکتا ہے۔

Comments

Click here to post a comment