یہ کتاب پروفیسر علامہ ابرار حسین کی تالیف ہے، مؤلّف علومِ دینیہ کے فاضل ہیں، انگریزی زبان و ادب میں ایم فِل کر رکھا ہے،ا ہلسنّت وجماعت کے ایک ممتاز ادارے جامعہ غوثیہ رضویہ سرگودھا کے مہتمم ہیں. اس ادارے کے بانی حضرت مفتی محمد افضل رحمہ اللہ تعالیٰ کے مایہ ناز فرزند ہیں .
اپنے ادارے میں دینی علوم کی تدریس کے ساتھ ساتھ کالج میں انگریزی زبان وادب کے پروفیسر ہیں، سی ایس ایس کے امیدواروں کو امتحانات کی تیاری کراتے ہیں ، آپ نے خود بھی سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا، کچھ عرصہ بیوروکریسی کا حصہ رہے، لیکن پھرتدریس کے شعبے سے طبعی میلان کے سبب سرکاری عہدے کو خیرباد کہا اور تدریس سے وابستہ ہوگئے ۔ دینیات ، ادب ، فلسفہ ،تاریخ ، تہذیب وتمدّن ، سیاسیاتِ عالَم اور بین الاقوامی تعلقات آپ کی دلچسپی کے موضوعات ہیں ، آپ کی نگارشاتِ قلم مستند جرائد میں چھپ چکی ہیں ۔
’’افغانستان :ایک تہذیبی مطالعہ‘‘نامی کتاب مجھے ڈاک سے موصول ہوئی ، یہ میری دلچسپی کا موضوع ہے ، میں نے اسے تقریباً ایک ہی تسلسل میں پڑھ لیا۔ پھر میں نے مصنف کے بارے میں آگہی حاصل کرنے کے لیے اُن سے رابطہ کیا ،پتاچلا کہ وہ ہمارے مکتبِ فکر کے شخص ہیں، یہ بات میرے لیے خوشگوار حیرت اور قلبی مسرّت کا باعث بنی، کیونکہ عام طور پر ہمارے مکتبِ فکر میں ان موضوعات کے بجائے صرف دینی علوم اور مسلکی خلافیات پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ اس کے لیے وسعتِ نظراور ہمہ گیر مطالعہ درکار ہے ، معاصر سیاسی حرکیات ، تہذیبی ،ثقافتی ، علمی ، تحقیقی وتاریخی ارتقاء پر نظر رکھنی ہوتی ہے، عالمی جرائد ،ذہن سازمفکرین اور نسبتاً منصف مزاج اہلِ صحافت اور محققین کا مطالعہ کرنا ہوتا ہے، یہ سہل پسند لوگوں کا کام نہیں ہے، یہ انہی کا حصہ ہے جو علمی ، تحقیقی ،تصنیفی وتالیفی مشقت کے خوگر ہوتے ہیں، جتنا وہ کسی شعبے کے بحرِ علم میں غوّاصی کرتے ہیں، اتنا ہی ان کی علمی پیاس میں اضافہ ہوتا ہے۔
میری عرصے سے خواہش رہی ہے: ہمارے نوجوان علماء میں وسعتِ نظر اور مطالعے کا ذوق پیدا ہو، معاصر دنیا سے آگہی حاصل ہو ، جدیدعلمی وابلاغی اصطلاحات کا ادراک ہو، کیونکہ اسلام دینِ دعوت ہے اور دین کی دعوت کے لیے صلاحیتِ ابلاغ بے حد ضروری ہے۔آج کے دور میں اپنے نظریات کو دوسروں پر تھوپا نہیں جاسکتا، یہ فریقِ مخالف کو دلیل سے قائل کرنے بلکہ اپنی جانب مائل کرنے کا دور ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’ حکمت ، موعظۂ حَسَنہ ا وراَحسن طریقے سے بحث کر کے لوگوں کو اپنے رب کے راستے کی طرف بلائو، بے شک تمہارا رب ہی بہتر جانتا ہے ، کون اپنے راستے سے بھٹک گیا ہے اور وہی ہدایت یافتہ لوگوں کو بہتر جانتا ہے، (النحل:125)‘‘۔حکمت ایک جامع اصطلاح ہے.
لیکن یہاں اس سے مراد ہے :مبلغِ دین کو اپنے مخاطَب کی ذہنی وعلمی سطح کو پیشِ نظر رکھ کر دین کا ابلاغ کرنا ، نصیحت کا انداز دلرُبا ، دلکش اور دلآویز ہو،مخاطَب کو محسوس ہو کہ آپ اس کے ناقِد اور معاند نہیں ہیں، بلکہ اس کے مخلص ، ہمدرد اور خیرخواہ ہیں ۔ اگر خدانخواستہ مباحَثے کی نوبت آجائے توانداز علمی، باوقار اور سنجیدہ ہونا چاہیے، مقصدفریقِ مخالف کو محض چرب زبانی سے زیر کر کے اپنے نفس یا اپنے مداحین کی تسکین نہیں، بلکہ حق کا ابلاغ اورمخاطَب کے دل ودماغ میں حق کو قبول کرنے کے لیے گنجائش پیداکرنی چاہیے،فارسی ضرب المثل ہے:’’ہَر چَہ اَز دِل خیزَد بَر دِل ریزَد‘‘، علامہ اقبال نے کہا ہے:
دل سے جو بات نکلتی ہے، اثر رکھتی ہے
پَر نہیں ،طاقتِ پرواز، مگر رکھتی ہے
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے مجھے بہاولپور ڈویژن کے خطبائے کرام کی ایک تربیتی نشست میں دعوت دی، میں نے دورانِ گفتگو کہا: ’’میں نے ایک تشہیری ماہر سے پوچھا: ’’آپ لوگ جب کسی پروڈکٹ کی مارکیٹنگ کے لیے سمعی اور بصری اشتہار بناتے ہیں، تو آپ کی سائنس کیا ہوتی ہے‘‘، انھوں نے کہا:’’ ہم سامع اور ناظر کو یہ باور کراتے ہیں کہ اگر آپ نے اس پروڈکٹ کو نہ خریدا تو نقصان آپ کا ہوگا‘‘۔ سو میں نے خطبائے کرام سے عرض کی: ’’ہم نے اپنے آپ کو خالق اور خَلق کے سامنے دین کے نمائندے اور ترجمان کے طور پر پیش کیا ہے، دین نہ کسی مجرَّد، تصوراتی اورتخیّلاتی چیز کا نام ہے اور نہ انسان کے بنائے ہوئے کسی خوبصورت ماڈل یا شاہکار کا نام ہے کہ جسے ہم لوگوں کے سامنے پیش کر کے بتائیں:’’یہ اسلام ہے‘‘.
دین ایک عارض ہے جو مسلمان کی ذات کے ساتھ قائم ہوتا ہے، سو لوگ دین کو ہمارے قول وفعل سے جانیں گے، اگر ہمارے قول وفعل میں تضاد ہوگا ، ہمارے دامنِ ایمان وعمل میں جَھول ہوگا ، تو لوگ اُسے دین کی طرف منسوب کریں گے ، دین کا نَقص قرار دیں گے ، اگر ہمارا دامنِ ایمان وعمل حسین ، شفّاف ، بے داغ اور دلکش ودلربا ہوگا تو لوگ اسے دین کا کمال سمجھیں گے ، سو ہمیں اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ ہمارا وجود دین کے لیے عزت وتکریم کا یاذلت ورسوائی کا سبب ہے،حفیظ جالندھری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میںہدیہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا تھا:
ترا در ہو، مراسر ہو، مرا دل ہو، ترا گھر ہو
تمنا مختصر سی ہے، مگر تمہید طولانی
الغرض میری تمہید بھی طولانی ہوگئی ، قارئین سے بصد ادب معذرت اور آمدم برسرِ مطلب!
’’افغانستان :ایک تہذیبی مطالعہ‘‘نامی کتاب میں افغانستان کی تاریخ کا خلاصہ بھی پیش کیا گیا ہے، نیز اس میں مغرب کے نامور صحافیوں اور اہلِ قلم کی نگارشات کے تراجم بھی شامل ہیں ، جنابِ علامہ ابرار حسین نے انگریزی مضامین کا ترجمہ بامحاورہ اردو میں اس کمالِ مہارت سے کیا ہے کہ ترجمے کے بجائے اصل کا گمان ہوتا ہے، ورنہ اگر کوئی اناڑی کسی اعلیٰ تحریر کا بھی ترجمہ کرے تو قاری کی طبیعت اکتا جاتی ہے۔ اس میں مغربی مفکرین نے نہایت صراحت کے ساتھ افغانستان میں امریکی انخلا کو رُسواکن شکست سے تعبیر کیا ہے،کسی لگی لپٹی سے کام نہیں لیا ، تحریکِ طالبانِ افغانستان کی شَجاعت ، عزیمت اور اولوالعزمی کو تسلیم کیا ہے۔ ان تحریروں سے یہ بھی مترشح ہوتا ہے کہ صرف ہماری بات ہی نہیں .
امریکہ جیسے ملک میں بھی اہلِ سیاست اور اُ ن کے دفاعی مراکز اپنی قوم کو پورا سچ نہیں بتاتے، یہ بھی بتایا کہ امریکہ نے افغانستان میں جنگ کو ’’آئوٹ سورس‘‘ کیا، یعنی بے پناہ مراعات یافتہ، دنیا کے جدید ترین حربی سازوسامان سے لیس امریکی فوجیوں نے یہ ساری جنگ خود اور براہِ راست نہیں لڑی، بلکہ بہت سے کام ٹھیکے پر دیے، اسی کو فوجی اصطلاح میں ’’Mercenary‘‘ یعنی کرائے کی فوج کہاجاتا ہے، نیز انھوں نے اعتراف کیا :’’امریکی اور اتحادی افواج کو نہ اس جنگ کے مقاصد معلوم تھے ، نہ اُن کے اندر کوئی جوش وجذبہ تھا، کیونکہ درحقیقت یہ اُن کے وطن کے دفاع کی جنگ نہیں تھی، بلکہ امریکی اور اتحادیوں کے توسیع پسندانہ عزائم اور دنیا کو مرعوب کرنے کے جذبے کی آئینہ دار تھی.
اُن فوجیوں کو اس جنگ کے انجام کابھی علم نہیں تھا،بس حربی اوراقتصادی طاقت کا فرعونی زعم تھا‘‘، نیز انھوں نے اعتراف کیا: ’’امریکہ اور اتحادیوں نے نہ افغانستان کی تاریخ کو جانا اورنہ اُس سے کوئی سبق حاصل کیا، وہ اُسی دَلدَل میں پھنستے چلے گئے ، جس میں ان کے پیش روبرطانیہ اور سوویت یونین پھنس چکے تھے ، نتیجتاً وہ بھی اُسی انجام سے دوچار ہوئے، اطہر نفیس کے الفاظ میںوہ ایک دوسرے سے سوال کر رہے ہوں گے:
اطہر تم نے عشق کیا، کچھ تم بھی کہو، کیا حال ہوا
کوئی نیا احساس ملا یا سب جیسا احوال ہوا
الغرض سب کا احوال ایک ہی جیسا ہوا، ایسا نہیں کہ ہمارے سہل پسند تجزیہ نگاروں کی طرح گھر بیٹھے مفروضوں پر مبنی داستان لکھ دی ہو ،بلکہ اُن میں سے بعض تہہ تک پہنچے ، ملّا محمد عمر کے ٹھکانے ،اُن کے محافظ اور اُن کے میزبان کی تلاش میں دردر کی خاک چھانی، پہاڑوں اور ریگزاروں کے چکر کاٹے، محنتِ شاقّہ سے کام لیا، پھر اپنے مشاہدے اور معلومات کو قلم بند کیا۔ خاتون ڈچ صحافی بیٹی ڈیم نے ’’ملاعمر کی پراسرار زندگی ‘‘کے عنوان سے کتاب لکھی، یہ خاتون صحافی 2009سے2014تک کابل میں رہی ، فروری 2019میں اس نے ڈچ زبان میں ’’دشمن کی تلاش‘‘ کے عنوان سے کتاب لکھی ، اس کاخلاصہ یہ ہے کہ ملا محمد عمرکو اللہ تعالیٰ کی نصرت پر بے پناہ یقین تھا، وہ صوفیانہ نظریات کے حامل مجاہد تھے.
وائس آف امریکہ کو ملا محمد عمر کا ایک مختصر انٹرویو بھی اس کتاب میں شامل ہے جو نشر تو نہ ہوسکا، لیکن امریکی پریس میں طبع ہوا، اسی طرح روسی یہودی فلسفی و سیاست دان الیگزینڈر ڈوگن کا نسبتاً مزاحیہ انداز میں : ’’افغانستان سے فرار، امریکی سلطنت کا خاتمہ‘‘ کے عنوان سے مضمون شامل ہے، ’’مسلم دنیا ناقابلِ تسخیر ہے ‘‘کے عنوان سے امریکی مشنری تنظیم فلاس کے صدر رابرٹ نکلسن کا مضمون ہے، چین کے معروف صحافی اور پیپلز ڈیلی کے سینیئر ایڈیٹر ڈنگ گینگ کا مضمون بعنوان ’’طالبان کی فتح اور مغرب کی تہذیبی توسیع کی زبردست ناکامی‘‘، برطانوی صحافی ڈیوڈ ہرسٹ کا مضمون بعنوان :’’کیا طالبان کی فتح مغرب کی سلطنت کے خاتمے کا نقطۂ آغاز بنے گی‘‘.
برطانوی صحافی پیٹر اوبورن کا مضمون بعنوان: ’’افغانستان میں امریکی ذلّت عالمی تاریخ کا اہم موڑ ثابت ہوسکتی ہے‘‘، اسکاٹش مصنف وِلیم ڈیلرمپل کا مضمون بعنوان:’’افغانستان میں ماضی کی جنگوں میں کی جانے والی غلطیوں کا اعادہ ‘‘ ، برطانوی ادارے ’’واچ ڈاگ ائیروارز‘‘ کی ٹی آر ٹی ورلڈ میں شائع شدہ رپورٹ بعنوان :’’نام نہاد دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ اور معصوم انسانوں کا قتل ‘‘ وغیرہ معلوماتی اور تاثراتی مضامین شامل ہیں۔
یہ کسی مسلمان کی خود ستائشی پر مبنی تحریریں نہیں ہیں، بلکہ تلخ حقائق ہیں جو اُن کے اپنے اہلِ قلم نے رقم کیے ہیں۔ ان میں یہ بھی اعتراف ہے کہ سوویت یونین کے زوال کے بعد امریکہ نے اپنے اتحادیوں کو اپنی چھتری تلے یکجا رکھنے کے لیے ’’اسلام کو تہذیب مغرب کے لیے ایک خطرے ‘‘کے طور پر پیش کیا، یہ بھی دانستہ جعلسازی اور فکری خیانت تھی ۔
ہم اگر کہیں :’’افغانستان میں پچاس اتحادی ممالک کی ایک لاکھ تیس ہزار افواج کو شکست ہوئی ‘‘تو ہمارے لبرلز کو بہت برا محسوس ہوتا ہے، کیونکہ اُن کے نزدیک شکست کے ایک ہی معنی ہیں :’’میدان جنگ میں مفتوح فوج کا سپہ سالار فاتح سپہ سالار کے سامنے ہتھیار ڈال دے‘‘، وہ ذلت آمیز شکست کے عظیم تر مفاہیم کو سمجھنے اور قبول کرنے کے لیے آمادہ نہیں ہیں، میری خواہش ہے :ہمارے نوجوان علماء اس کتاب کو پڑھیں ،اسے عکس پبلی کیشنز لاہور نے شائع کیا ہے۔ (جاری ہے۔۔۔)
تبصرہ لکھیے