راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں مانسہرہ کے رہائشی لانس نائیک شاہ زیب، عمر 22 سال، غزر کے رہائشی لانس نائیک سجاد، عمر 26 سال، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی عمیر، عمر 25 سال اور نارووال کے رہائشی سپاہی خرم، عمر 30 سال) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کاروں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خدا تعالی شہدا کے درجات بلند کریں اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کریں۔
وزیراعلیٰ پختونخوا کی مذمت
وزیراعلیٰ خبر پختونخوا محمود خان نے وزیرستان میں فوجی قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے 4 جوانوں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ شہدا کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پختونخوا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کی خاطر پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ سکیورٹی اداروں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پشاور:قوم فورسز کی ان قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
تبصرہ لکھیے