ہوم << شریف، زرداری گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، عمران خان

شریف، زرداری گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف اور زرداری گٹھ جوڑ نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، وہ لوگ پنجاب کی عوام کا فیصلہ دیکھ کر یہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ فوری شفاف انتخابات ہیں، معیشت کی تباہی ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے اقتدار کی فکر ہے ملک کے حالات کی نہیں، اب یہ جو مرضی کر لیں عوام نے انہیں مسترد کر دیا، پنجاب میں جو کچھ ہوا انکی سیاست عیاں ہوگئی ہے، قوم ملکر انکی ان سازشوں کا ناکام بنائیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شاہ محمودقریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے شریک کی۔

اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب اور عدالتی امور پر غورکیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور لائحہ عمل اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے موخر ہونے سے متعلق بھی امور پر بات چیت ہوئی۔