اسلام آباد: وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پیٹرول اورڈیزل سمیت دیگرچیزوں میں عوام کو ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔
مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پانے کے بعد اتحادی حکومت کا ہر فیصلہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کی راہ ہموار کرے گا۔عوام کے لئے ریلیف کا وقت آگیا ہے۔ پیٹرول، ڈیزل سمیت دیگر چیزوں میں ریلیف کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے چار سال خاص طور پر آخری چھ ماہ میں جو بارودی سرنگیں بچھائیں تھیں بڑی حد تک ان کے اثرات سے ملک اور عوام کو بچا لیا ہے۔ جنوری فروری میں عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے معاہدے توڑ کر پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی لیکن اللہ تعالیٰ نے بچا لیا۔
آج سری لنکا میں 470 روپے لیٹر تیل ہونے کے باوجود عوام کو دستیاب نہیں۔ عمران خان پاکستان میں یہی کچھ کرانا چاہتے تھے۔عمران خان کی پاکستان کو معاشی دیوالیہ کرانے کی سازش ناکام ہوگئی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانا پہلی بڑی کامیابی ہے اب پاکستان کو معاشی ترقی کی طرف لے کر جائیں گے جو ہماری دوسری بڑی کامیابی ہوگی۔ آج الحمد اللہ ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں اور زندگی پھر سے معمول کی طرف واپس آ رہی ہے۔پاکستان میں بجلی، تیل سب دستیاب ہے، 7 ہزار میگاواٹ بند بجلی کے کارخانے بحال کر دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شدید معاشی مشکلات کے باوجود ہم نے عوام دوست بجٹ دیا۔ہم نے امیر طبقات پر بوجھ ڈالا ہے۔آئی ایم ایف نے ہماری ‘سستا پٹرول سستا ڈیزل’ اسکیم اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اتحادی حکومت کی غریب دوست پالیسیوں کو سراہا ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ سال کے تاخیری اقدامات کی وجہ سے وجہ سے بہت زیادہ بجٹ خسارے ہوئے۔
اور گزشتہ سال بجلی کے شعبے میں بدانتظامی اور تاخیری اقدامات کی وجہ سے گردشی قرض میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دن رات محنت کرکے آئی ایم ایف سے ایک اچھا معاہدہ طے کرنے میں کامیاب ہوئے۔
تبصرہ لکھیے