ہوم << شدید بارشوں کے باعث ریلوے ٹریک خراب، ٹرینیں تاخیر کا شکار

شدید بارشوں کے باعث ریلوے ٹریک خراب، ٹرینیں تاخیر کا شکار

لاہور: سندھ میں شدید بارشوں کے باعث حیدرآباد سے کراچی کے درمیان ریلوے ٹریک خراب ہوگیا جس سے دیگر شہروں سے کراچی آنے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق طوفانی بارشوں کی وجہ سے خراب ہونے والے اَپ ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے.

جبکہ ڈاؤن ٹریک دو گھنٹے میں آپریشن کے لیے ریڈی ہو جائے گا۔ بارشوں کی وجہ سے مختلف سیکشنوں پر متاثر ہونے والے ٹریک کی مرمت کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔موسم کی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ٹرینوں کے مسافروں کو ریلوے کی طرف سے کھانا فراہم کیا گیا۔ چیئرمین ریلوے کی درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ نے انتظامیہ اور پولیس کو پاکستان ریلوے کے ساتھ تعاون کی ہدایات جاری کیں۔

کمشنرز اور ڈی پی اوز نے پاکستان ریلوے سے بھرپور تعاون کیا۔چیئرمین ریلوے، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پولیس کو بھی مسافروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

لاہور سے ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول

دوسری جانب، ملک بھر میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے ریلوے ٹرین آپریشن دھرم بھرم ہوگیا، ملک بھر میں جاری حالیہ بارشوں کی وجہ سے ٹرینیں 10 سے 11گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی 42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس ٹرین 9 گھنٹوں کی تاخیر سے دوپہر 3 بجے کی بجائے رات 12 بجے کراچی روانہ ہوگی جبکہ پاک بزنس ایکسپریس ٹرین 11 گھنٹوں کی تاخیر سے شام 4 بجے کی بجائے رات ساڑھے 3 بجے لاہور سے کراچی روانہ ہوگی۔ لاہور سے شاہ حسین ایکسپریس ٹرین 10 گھنٹوں کی تاخیر سے کل صبح ساڑھے 5 روانہ ہوگی جبکہ کراچی ایکسپریس ٹرین ساڑھے 8 گھنٹوں کی تاخیر سے شام 5 بجے کی بجائے رات ڈیڑھ بجے روانہ ہوگی۔

فیصل آباد سے کراچی روانہ ہونے والی 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس شام 3 بجکر 50 منٹ کی بجائے رات 3 بجے روانہ ہوگی جبکہ لاہور سے میانوالی جانے والی ماڑی انڈس ٹرین رات 12 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی۔ ٹرینوں کے لیٹ ہونے کی وجہ سے اگر کوئی مسافر اپنی ٹکٹ ریفنڈ کروانا چاہتا ہے تو قریبی ریزرویشن آفس پر جاکر فل ریفنڈ حاصل کر سکتا ہے۔ ای ٹکٹنگ والے خواتین و حضرات موبائل ایپلیکیشن ایپ میں جا کر فل ریفنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید معلومات کے لیے ریلوے انکوائری آفس یا 117 پر رابطہ کریں۔