لاہور: مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے.
عمران خان کو گرفتار کرنے کا خواب دیکھنے والے اپنی حکومت کی فکر کریں، حکومت آج یا کل گر جائے گی۔پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی لانگ مارچ کی بھر پور تیاریاں جاری ہیں، حکمران عمران خان سے خوفزدہ ہیں اور ہر غیر قانونی کام کررہے ہیں جس سے لانگ مارچ کو روکا جا سکے، میں انہیں بتا دوں کہ رہنماؤں اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کروانے سے تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کی ایک ہی دوہائی ہے کہ اگر حکومت سنبھال نہیں سکتے تھے تو آئے کیوں.
عوام کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کو بھی عارضی حکومت پر اعتبار نہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی بم کی دوسری قسط جون میں آئے گی، عمران خان نے روس کے ساتھ 30 فیصد سستے تیل کا معاہدہ کیا تھا، اگر اس پر عمل کیا جاتا تو آج ڈالر آسمان سے باتیں نہ کر رہا ہوتا، مہنگائی کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔
تبصرہ لکھیے