اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان حال عوام کے لئے ایک مزید بری خبر یہ ہے کہ ملک میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 5 پیسے اضافے کا امکان ہے.
اس حوالے سے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔سی پی پی اے نے اپنی درخواست میں بجلی کی قیمت فی یونٹ 4 روپے 5 پیسے اضافے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل میں 13 ارب 55 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جس کی فی یونٹ پیداواری لاگت 10 روپے 66 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل کے لئے ریفرنس لاگت 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔
درخواست میں بتایا گیا کہ پانی سے 18 اعشاریہ 55 فیصد، کوئلے سے 16 اعشاریہ 74 فیصد اور فرنس آئل سے 12 اعشاریہ 7 فیصد بجلی پیدا کی گئی، فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ لاگت 28 روپے 19 پیسے فی یونٹ رہی، اپریل میں مقامی گیس سے 9 اعشاریہ 85 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 19 اعشاریہ 42 فیصد، جوہری ایندھن سے 17 اعشاریہ 37 فیصد اور ہوا سے 3 اعشاریہ 59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
سی پی پی اے کی درخواست پر نیپرا میں 31 مئی کو سماعت کی جائے گی.حتمی فیصلہ اتھارٹی سماعت کے بعد کرے گی، بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 59 ارب 45 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی درخواست کے الیکٹرک کے سوا تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کیلئے ہے۔
تبصرہ لکھیے