ہوم << کیا پاکستان سری لنکا بننے والا ہے؟ اسد احمد

کیا پاکستان سری لنکا بننے والا ہے؟ اسد احمد

سن 2008ء میں پرویز مشرف اور شوکت عزیز رخصت ہوئے تو بتایا گیا کہ ملک دیوالیہ ہونے والا ہے۔ تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے ۔۔۔ زرداری کے وزیرخزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف کے دروازے پردستک دی اور تقریباً آٹھ ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے پاگیا.

سن 2013ء میں پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہوئی اور اس کے وزیرخزانہ حفیظ شیخ رخصت ہوئے تو لیگی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا کہ ملک ڈیفالٹ ہونے والا ہے۔۔ ڈار صاحب فوراً آئی ایم ایف کے پاس پہنچے اور قرض حاصل کرلیا .

ن لیگ کی قیادت 2018ء میں جیل چلی گئی، اور عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوئے۔ اعلان ہوا کہ ملک دیوالیہ ہونے والا ہے۔ تاریخ کا بلند ترین کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہے ۔۔ حفیظ شیخ کو پھر درآمد کیا گیا اور پاکستان نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا قرض حاصل کرلیا .

اپریل 2022ء میں عمران خان رخصت ہوگئے۔ مفتاح اسماعیل وزیرخزانہ بن گئے۔ بتایا جارہا ہے کچھ دن کی بات ہے اور پاکستان سری لنکا بننے والا ہے۔ شبر زیدی کہتے ہیں ملک تو پہلے ہی دیوالیہ ہوچکا ہے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات پھر جاری ہیں کہ کسی طرح 1 ارب ڈالر کی قسط مل جائے اور ملک بچ جائے۔

ہر حکمران یہ دعوی کرتا ہے کہ اس کے دور میں ترقی کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے مگر نیا آنے والا بتاتا ہے کہ ملک تو دیوالیہ ہونے والا ہے ۔۔ خیر ۔۔ حفیظ شیخ ایک بار پھر پاکستان پہنچ چکے ہیں ۔۔ خبر گرم ہے اس بار وہ وزیر خزانہ نہیں بلکہ نگراں وزیراعظم بن سکتے ہیں ۔۔

اگر آخی پچیس سال کی بات کی جائے تو دو بار اسحاق ڈار ، دو بار حفیظ شیخ اور دو ہی بار شوکت ترین وزیرخزانہ رہے ۔۔ حفیظ شیخ تو مشرف دور میں شوکت عزیز کابینہ کا حصہ بھی رہ چکے ہیں ۔۔ تحریک انصاف کی قیادت پیپلز پارٹی دور میں ان کی سب سے بڑی ناقد تھی ۔ شیریں مزاری کے ٹویٹس آج بھی ریکارڈ پر موجود ہیں.

نوے کی دہائی میں بھارت کو بھی بیلنس آف پے منٹ کرائسز کا سامنا رہتا تھا مگر داد دینی پڑے گی من موہن سنگھ کو کہ جب وہ وزیرخزانہ بنے تو انہوں نے اس مسئلہ کو ہمیشہ کے لیے ختم کردیا ۔۔ یہی من موہن سنگھ بعد میں بھارت کے وزیراعظم بنے اور بھارت میں بے پناہ معاشی ترقی ہوئی ۔۔۔ دوسری جانب پاکستان نہ ایشین ٹائیگر بن سکا اور نہ مدینے کی ریاست ۔۔ آج سری لنکا بننے کا خطرہ لاحق ہے اور ہماری نظریں پھر امپورٹڈ حفیظ شیخ کی طرف اٹھ رہی ہیں.

Comments

Click here to post a comment