صدارتی ریفرنس کے جواب میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی بنچ نے تین دو کی نسبت سے اپنے منقسم فیصلے (Split Judgment)کا منگل کی شام کو اعلان کیا ہے، اگرچہ اس کے بارے میں ماہرین کی متضاد آراء سامنے آرہی ہیں کہ یہ سپریم کورٹ کا باقاعدہ فیصلہ ہے جو نافذ العمل ہوگا یا صدارتی ریفرنس کے جواب میں رائے ہے اور حکومتِ وقت کی مرضی پر منحصر ہے کہ اُسے قبول کرے یا نہ کرے، کیونکہ اکثریتی فیصلے میں آرڈر کی بجائے ’’In our view (ہماری رائے میں) ‘‘کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں، تاہم یہ آئینی اور قانونی ماہرین کا موضوع ہے، ہم اس بحث میں نہیں پڑتے۔ اس سے قطع نظر کہ آج اس فیصلے سے مستفید ہونے والا (Beneficiary)کون ہے اور آنے والے کل کون ہوگا، کیونکہ پوزیشنیں بدلتی رہتی ہیں ، ہم صرف نظری بنیادوں پر (Theoretically)اس فیصلے پر گفتگو کر رہے ہیں ، کیونکہ اعلیٰ عدالتوں نے بارہا یہ کہا ہے:’’عدالتی احترام کو ملحوظ رکھتے ہوئے عدالتی فیصلے سے اختلافِ رائے کیا جاسکتا ہے‘‘۔
ہماری رائے میں سپریم کورٹ کے منقسم فیصلے میں منحرف رکنِ اسمبلی کو دو سزائیں دی گئی ہیں: (۱) یہ کہ اُس کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، اس کے لیے Disregardکا لفظ استعمال کیا گیا ہے،اس کے معنی ہیں: ’’نظر انداز کرنا یا اس کا اعتبار نہ کرنا‘‘، (۲)منحرف رکن اپنی نشست سے محروم ہوجائے گا، جسے Deseatہونا کہاجاتا ہے۔ ہماری نظر میں کسی رکن کا جرم تو تب ثابت ہوگا جب وہ اپنی پارٹی قیادت کی ہدایت کے خلاف ووٹ دے اور اس کا ووٹ شمار بھی ہو، لیکن جب کسی کے حق میں ووٹ دینے کے باوجودوہ ووٹ شمار ہی نہ ہوتو پھر سزا کس بات کی، حدیث پاک میں ہے:’’جس نے گناہ کا ارادہ کیا ، لیکن اس پر عمل نہ کیا ،تو اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کے نامۂ اعمال میں ایک کامل نیکی لکھی جائے گی (کیونکہ ارادے کے باوجود گناہ سے رک جانا بجائے خود ایک نیکی ہے)اور اگر وہ گناہ کا ارادہ کرے اور پھر اس پر عمل بھی کرے تو اس کے نامۂ اعمال میں ایک گناہ لکھا جائے گا،(صحیح البخاری:6491)‘‘۔
اس کی ایک اور نظیر امیر المؤمنین حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان کردہ اصول ہے ، آپ جامع مسجد کوفہ میں خطبہ ارشادفرمارہے تھے کہ اس دوران عبدالرحمن ابن ملجم خارجی ملعون نے زیرِ لب کہا: ’’میں ان لوگوں کوآپ سے راحت دلائوں گا‘‘، ایک شخص نے اس کی اس بات کو سنا اور حضرت علی رضی اللہ عنہ سے کہا:’’آپ کے بارے میں اس کے ارادے خطرناک ہیں اور یہ آپ کو قتل کی دھمکی دے رہا ہے‘‘، اِس پر حضرت علی نے فرمایا:’’ابھی تو اِس نے مجھے قتل نہیں کیا ‘‘اور ایک روایت کے مطابق آپ نے فرمایا: ’’میں اپنے قاتل کو کیسے قتل کردوں،(اَلْکَامِلْ لِلْمُبَرَّدْ، ج:3، ص:37) ‘‘، یعنی انھوں نے یہ اصول قرار دیا کہ کسی کو ارتکابِ جرم سے پہلے سزا نہیں دی جاسکتی، خواہ وہ جرم انسانی تاریخ کے سنگین ترین جرائم ہی میں سے کیوں نہ ہو، کیونکہ امیرالمؤمنین حضرت علی کرّم اللہ تعالیٰ وجہہ کے متعلق حضور ﷺ کی یہ حدیث مبارک ہے:
’’حضرت عمار بن یاسر بیان کرتے ہیں: میں اور حضرت علی ابن ابی طالب رضی اللہ عنہ ایک غزوے میں ایک ساتھ تھے، جب رسول اللہ ﷺ وہاں اترے اور قیام فرمایاتو ہم نے بنو مدلج کے کچھ لوگ دیکھے جو اپنے چشمے یا کھجوروں کے باغ میں کام کر رہے تھے، حضرت علی نے مجھ سے فرمایا: اے اَبُوالْیَقْظَان!(اے بیدار شخص!) ہم وہاں جاکر دیکھیں یہ لوگ کیا کام کر رہے ہیں، میں نے عرض کی: آپ چاہتے ہیں تو ہم ان کے پاس چلے جاتے ہیں، پھر ہم نے ان کے کام کو کچھ دیر دیکھا اورہم پر نیند طاری ہوگئی ،پھر ہم دونوںنے کھجور کے درختوں کے سائے میںزمین پرآرام کیا،ہم سوگئے ، پس ہم اُس وقت بیدار ہوئے جب رسول اللہ ﷺ نے ہمیں اپنے پائوں سے حرکت دی، جہاں ہم سوئے تھے ،ہمارے جسم پر اُس جگہ کی مٹی لگی ہوئی تھی تو اُس دن رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے فرمایا: ابو تراب! تمہیں کیا ہوا ،کیونکہ آپ نے ان پر مٹی دیکھی،پھر آپ ﷺ نے فرمایا:میں تمہیں سب سے بدبخت انسان کے بارے میں نہ بتائوں، ہم نے عرض کی: یارسول اللہ(صلی اللہ علیک وسلم!)ضرور بتائیے!، آپ ﷺ نے فرمایا:قومِ ثمود کا سرخ رنگ کا شخص جس نے (حضرت صالح علیہ السلام کی) اونٹنی کی کونچیں کاٹ ڈالی تھیں اور (میری امت کا )بدبخت ترین شخص وہ ہوگاجواے علی! تمہاری پیشانی پر ضرب لگائے گایہاں تک کہ تمہاری داڑھی خون سے تر ہوجائے گی، (اَلسُّنَنُ الْکُبْریٰ لِلنَّسَائِی: 8485)‘‘۔ غور فرمائیے! امیرالمؤمنین حضرت علی المرتضیٰ کرّم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے قاتل عبدالرحمن ابن ملجم ملعون کو رسول اللہ ﷺ نے اس امت کا بدبخت ترین انسان قرار دیااور امیر المومنین کے بارے میں اس کے ناپاک عزائم واضح ہوچکے تھے، مگر امیر المومنین علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا: ’’میں ارتکابِ جرم سے پہلے اسے کیسے قتل کردوں‘‘۔سو ہماری عالی مرتبت سپریم کورٹ ایک طرف تو منحرف رکن کے ووٹ کو ردّ کررہی ہے، اس کا اعتبار نہیں کرتی ، وہ کالعدم متصور ہوتا ہے، توپھر جرم کیا قرار پایا جس کی سزا تجویز کی جارہی ہے، کیا یہ فیصلہ روحِ عدل کے منافی نہیں ہے۔
اب تک آئین وقانون کا فہم یہ تھا کہ کوئی رکن اپنی پارٹی قائد کی ہدایت کے خلاف ووٹ دے تو وہ شمار ہوگااور اس پر پارٹی قائد کو یہ حق ہوگا کہ اس کے خلاف اسپیکر کے توسط سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ریفرنس بھیجے اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ نافذ ہوگا ، لیکن اس کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں اپیل کا حق باقی رہے گا، عدالتِ عظمیٰ کا فیصلہ حتمی اور قطعی ہوگا۔ نیز اگر پارٹی قیادت کی ہدایت سے انحراف اتنا بڑا جرم ہے کہ جرم متحقق (Established)بھی نہ ہو ،ووٹ شمار بھی نہ ہو اور دوہری سزابھی دیدی جائے، تو ارکانِ پارلیمنٹ اپنے ضمیر کی بجائے پارٹی قیادت کے اسیر ہوں گے اور یہ پارلیمانی نظام کے لیبل کے ساتھ معنوی اعتبار سے ایک طرح کا صدارتی نظام ہوگا ۔ چند سال پہلے ہم نے برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ کے مسئلے پر کئی بار کنزرویٹیو پارٹی کے ارکان کو اپنی پارٹی قیادت کے خلاف ووٹ دیتے ہوئے دیکھا ، تین وزرائے اعظم اس کی نذر ہوئے، لیکن اس بنیاد پر نہ ان کے ووٹ کو بے توقیر (Disregarded)اور کالعدم قرار دیا گیا اور نہ اُن کو نشست سے محروم کیا گیا۔ پارلیمانی نظام نے تو برطانیہ میں جنم لیا ہے، اسی لیے برطانوی پارلیمنٹ کو ’’Mother of Parliaments‘‘کہاجاتا ہے۔ ارکانِ اسمبلی توروبوٹ بن جائیں گے، اُن کی نہ اپنی سوچ ہوگی ، نہ اپنی رائے ہوگی ، نہ اس کا اعتبار ہوگا، بس اپنی قیادت کے غلامِ بے دام یعنی سیاسی مزارعین ہوں گے، اس طرح تو وقت کا وزیر اعظم مُطلَق العِنان (Autocrat) بن جائے گا،’’ مُطلَقُ الْعِنَان ‘‘دو لفظوں سے مرکب ہے:مُطلَق کا معنی آزاد چھوڑ دینا اور عِنان کے معنی ’’لگام‘‘ کے ہیں ، یعنی جس کی لگام کسی کے ہاتھ میں نہ ہو، کوئی اُسے کنٹرول نہ کرسکے، وہ جو چاہے کرے ، ہماری سیاسی پارٹیوں میں ویسے بھی جمہوری نظام نہیں ہے، اس کے بعد تو اللہ ہی مالک ہے اور جنابِ عمران خان اس کی آئیڈیل مثال ہیں۔
ماضی میں جب سینیٹ چیئرمین جناب صادق سنجرانی کے خلاف خفیہ ووٹنگ میں 64 ووٹ گھٹ کر47رہ گئے ، تب تو کسی کو اخلاقیات یاد نہ آئیں ، نہ کسی پر لوٹا ہونے کے آوازے کسے گئے، بلکہ اُن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا: ’’انھوں نے اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ دیاہے‘‘،علامہ اقبال نے کہا ہے:
باطل دوئی پسند ہے ، حق لا شریک ہے
شرکت میانۂ حق و باطل نہ کر قبول
پہلے تھے میخانہ میں، اب ہیں مسجد میں ولی
عمر کے ساتھ مقامات بدل جاتے ہیں
پہلے جو آپ کہہ کر بلاتے تھے، اب وہ تو کہتے ہیں
وقت کے ساتھ خطابات بدل جاتے ہیں
پاکستان تحریک انصاف میں جناب علی محمد خان کافی معقول اور متوازن آدمی لگتے تھے، اپنی ترجیحات اور اپنی دیانت کے مطابق اپنی پارٹی سے وابستگی اُن کاحق ہے، لیکن مغلوب الغضب نہیں ہونا چاہیے اور سیاسی وابستگیوں کو مذہبی صداقتوں سے تشبیہ دینا مناسب نہیں ہے، اپنی قیادت اورپارٹی سے وابستگی کے اظہار کے لیے آپ سو طریقے سے مضمون باندھ سکتے ہیں، لیکن رسول اللہ ﷺ کے بیان کردہ سوالاتِ قبر سے مشابہت دیے بغیر بھی یہ مقصد حاصل کیا جاسکتا ہے۔
تبصرہ لکھیے