پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی جانب سے تحفے میں دیئے گئے قرآن مجید کا ترجمہ کو پڑھ رہا ہوں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں نبھانے والے میتھیو ہیڈن اس وقت سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہے ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کو پاکستانی بیٹر محمد رضوان کی جانب سے قرآن مجید تحفہ میں دیا گیا جس کا ترجمہ سابق آسٹریلوی بلے باز انگریزی میں پڑھ رہے ہیں۔
نیوز کور جو کہ آسٹریلوی ادارہ ہے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ ہیڈن نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ ہوٹل کے کمرے کا دروازہ بجا اور ایک شخص کمرے میں قرآن کے ساتھ داخل ہوا۔وہ شخص رضی یعنی محمد رضوان تھا جبکہ مجھے یہ بات کہنی پڑے گی کہ وہ ایک خوبصورت لمحہ تھا جو میں کبھی نہیں بھولوں گا۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ میں ایک عیسائی ہوں لیکن اسلام کے لیے تجسس رکھتا ہوں ،ایک پیغمبر حضرت عیسی علیہ السّلام کی پیروی کرتا ہے تو دوسرا پیغمبر اسلامﷺ کی اور دونوں (مذاہب) ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ہم آدھے گھنٹے فلور پر بیٹھے اور اس پر بات کی جبکہ میں روزقرآن مجید کو تھوڑا تھوڑا پڑھ رہا ہوں۔
میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ رضی میری پسندیدہ شخصیت ہے اور وہ چیمپئن ہے۔ اپنے انٹرویو میں بیٹنگ کنسلٹنٹ نے کہا کہ بابر اعظم ایک اچھا کھلاڑی ہے، وہ میرے پاس آئے اور کہا آپ کو کیا لگتا ہے میں کیسا جا رہا ہوں کوچ؟ جبکہ بابر اعظم کی کوچنگ کی جا سکتی ہے کیونکہ وہ کھلے ذہن کے مالک ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان کل ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگا جبکہ میتھیو ہیڈن کا تعلق بھی آسٹریلیا سے ہے جو کہ قومی ٹیم کے لئے کافی مددگار ثابت ہونگے۔
تبصرہ لکھیے