کوئی دن نہیں جاتا کہ ہم اپنے درمیان سے کسی کے چلے جانے کی خبر سنتے ہیں۔کوئی ہمارا قریبی تو کوئی کسی اور کا۔غرض ایک انسان کی موت ہمیں یادہانی کراتی ہے کہ دنیا ایک عارضی مسکن ہے۔موت بتا کر نہیں آتی مگر یاددہانی کرواتی رہتی ہے کہ میں نے آنا ہے۔
موت بر حق ہے اور زندگی میں ساتھ رہنےوالے ایکدوسرے سے جانے انجانے زیادتی کر بیٹھتے ہیں۔اللہ کرے ہمارے درمیان سے جانے والے ہمارے لئے نصیحت کا ذریعہ بن جائیں اور ہم اپنے عزیز واقارب ،ساتھیوں،اور دوسرے لوگوں کی زیادتیوں اور غلطیوں کو سچے دل سے معاف کر کے اور اپنی طرف سے کی گئی غلطیوں پراستغفار کرتے ہوئے اللہ رحمن و رحیم سے موجودہ اور آنے والی زندگی کو آسان بنانے کی دعا کریں۔
ہمارے بڑے کہتے تھے جو سہنے میں مزا ہے وہ کہنے میں نہیں. واقعی اب اندازہ ہوتا ہے کہ درگزر کی روش سے زندگی آسان اور سھل ہوجاتی ہے ورنہ تو بدلہ لینے والا انسان ہروقت اسی کشمکش میں زندگی گزار دیتا ہے کہ دوسرےسےکیسے بدلہ لے۔اسے کیسے نیچا دکھائے دوسروں کی نظروں سے کیسے گرائے اور یہ سب کرنے کے بعد بھی شیطان اسے چین نہیں لینے دیتا اور اسکی زندگی عذاب بنا دیتا ہے۔ایسا انسان بےچینی، ڈپریشن،مایوسی،اور دیگر جسمانی بیماریوں کا شکار بن کر رہ جاتاہے اور حاصل کچھ نہیں کر پاتا۔
اسلام درگزر کا پیغام دیتا ہے اسلام ہر دوسرے انسان کےلیے سلامتی کا پیغام دیتا ہے۔اسلام کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگیوں میں تلاش کریں ۔حقیقی اور آئڈیل اسلام وہیں ملے گا۔ آج کتنا ہی متقی اور نیک انسان ہو وہ مکمل اور خامیوں سے پاک نہیں ہوسکتا لہذا اس پر رشک تو کیا جاسکتا ہے مگر اسے معیار نہیں بنایا جاسکتا۔اللہ سے دعا ہےکہ وہ ہماری رہنمائی کرے ہماری کوتاہیوں سے درگزر کرے اور راضی ہوجائے۔آمین
تبصرہ لکھیے