ہوم << ضدی عمران خان اور نیا پاکستان - سید حسیب شاہ

ضدی عمران خان اور نیا پاکستان - سید حسیب شاہ

آپ اپنی سیاسی مخالفت کی وجہ سے عمران خان کو یہودی لابی کا ایجنٹ کہیں، ڈانس کرنے والا کہیں، نشئی کہیں، ہٹ دھرم کہیں، باغی کہیں یا وزارت عظمیٰ کا لالچی،
مگر یہ کبھی نہیں کہہ سکتے کہ عمران خان پاکستان کا وفادار نہیں، یا عمران خان کرپٹ ہے۔
میں مروجہ جمہوریت کو ناپسندیدہ ترین نظام سمجھنے اور پاکستانی سیاست سے سخت نفرت کے باوجود عمران خان کو پاکستان کا مقدمہ لڑنے والا ایک نڈر، بہادر اور مخلص شخص سمجھتا ہوں۔ یقیناً عمران خان کی جدوجہد خالص پاکستان کے حق میں ہے، یہ الگ بات ہے کہ کئی حضرات اپنی مخالفت کی وجہ سے بہت سوں کی اچھائیوں کو بھی برائی سمجھتے ہیں۔
عمران خان اگر تحریکِ انصاف سے سابقہ جماعتوں کے مستعمل ٹشو رہنما نکال دے تو پاکستان کی تاریخ میں عظیم جدوجہد کرنے والے رہمناؤں میں ایک نام عمران خان ہوگا۔ تاریخ لکھی جائے گی اور تاریخ ضرور لکھے گی کہ اشرافیہ کے گھر پیدا ہونے والا ایک کرکٹ سٹار عیش و عشرت کی زندگی جینے اور پیسہ بنانے کے بجائے گلی کوچوں، چوکوں چوراہوں اور ایوانوں میں چیختا سنائی دیتا تھا۔ عمران خان کی تڑپ اور جرأت کم از کم مجھے داد دینے پر مجبور کرتی ہے۔
تحریک انصاف میں عمران خان کے بعد کوئی عمران خان پیدا ہونا محال ہے، پی ٹی آئی والے شاہ محمود قریشی، علیم خان، جہانگیر ترین، فوزیہ قصوری جیسوں کی جگہ علی محمد خان جیسے نفیس اور پڑھے لکھے لوگوں اور شاہ فیصل خان جیسے غریبوں کو ایوانوں میں لائے تو یقینا تحریک انصاف پاکستان کی واحد جماعت ہوگی جس نے وطن عزیز میں اکیسویں صدی کی ڈوبتی سیاست کو ایک نیا رخ اور نیا ولولہ دیا ہے۔
تحریکِ انصاف کے کارکنان اور دیگر جماعتوں سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے رہنماؤں یا تحریک کی پالیسی اور طریق کار سے مجھے 90 فیصد اختلاف ہوسکتا ہے، ہاں مگر عمران خان کی حب الوطنی اور ملک کے لیے جدوجہد کو نظرانداز کروں تو یقینا میں نا انصافی کروں گا۔ پاکستان کی تاریح میں پہلی بار پاکستانی عوام کو ایک سچا نڈر بے باک اور عوام دوست لیڈر ملا ہے جس نے پاکستانی عوام کو ایک بے وقوف قوم سے باشعور قوم بنایا اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا سلیقہ سکھا کر ان نام نہاد حکمرانوں کی اصلیت دکھا کر ہر موڑ پر انکا راستہ روک کر ان کے ناک میں دم کررکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج سارے چور مل کر بے بنیاد جھوٹے الزامات لگا کر عمران خان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
غدار انصاف کا نہیں بےانصافی کا نعرہ لگاتے ہیں - ایجنٹ ملک کی ترقی کی نہیں بلکہ بربادی کا نعرہ لگاتے ہیں۔ ایجنٹ عوام کے حقوق کا محافظ نہیں بلکہ عوام کے حقوق پہ ڈاکہ ڈال کر انکوں لوٹنے کا کام کرتے ہیں۔ ن لیگ اور پرویز رشید کے اسطرح کے الزامات صرف و صرف عوام کے آنکھوں میں دھول جھونک کر گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں، عمران خان کی جدوجہد سے عوام میں اتنا شعور تو آگیا ہے کہ سچ جھوٹ یا صحیح اور غلط میں فرق کرسکیں، اس طرح کی کوششیں اب عمران خان کا راستہ نہیں روک سکتی۔
ہم نے پانچ بار امیرالمومنین دوم حضرت مآب شہباز شریف کو وزیراعلیٰ بنایا، تین بار نوازشریف کو وزیراعظم بنایا لیکن میرے ان مرشدوں کی ذہنی بلوغت دیکھیں، آج تک ہم نے ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا اپنا علاج ہوسکے. اسے کہتے ہیں سیاست. یہودی ایجنٹ عمران کیا جانے سیاست کیا ہوتی ہے.
لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے کہا تھا: جناح کی ضد نے پاکستان بنایا اور مجھے یقین ہے کہ اب ضدی عمران خان نیا پاکستان بنائے گا۔

Comments

Click here to post a comment