ہوم << ملحدین سے 12 سوالات - علی عمران

ملحدین سے 12 سوالات - علی عمران

1۔ روح کیا ہے؟
اگر روح کا کوئی وجود نہیں تو میرا ایک احساساتی اور عقلی وجود ضرور ہے، اس احساساتی اور عقلی وجود کے پیچھے کون سے محرکات کارفرما ہیں، میرے احساست اور میرا شعور کن اجزا سے مرکب ہے؟ اور کیوں ہے؟
2۔ اگر یہ کائنات کسی حادثے کی تخلیق ہے تو اس حادثے میں متصادم سیاروں کا میٹیریل کہاں سے آیا؟ اور اگر اس کائنات اور اس میں پائی جانے والی تخلیقات میں حیرت انگیز ہم آہنگی محض اتفاق ہے، تو یہ اتفاق اتنا متواتر کیوں ہے؟
3۔ خدا کے وجود کی بحث سے قطع نظر ہماری یہ دنیا جو ہمارے سامنے ہے، ایسے سوالات سے کیوں بھری پڑی ہے جن کو انسانی ذہن سمجھنے قاصر ہے؟ جیسا کہ پوزیٹو چارجز نیگٹو چارجز کے لیے کشش رکھتے ہیں، مگر کشش کیوں رکھتے ہیں؟ انہیں ایک دوسرے میں کیا پسند ہے جو وہ ایک دوسرے کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں؟ یا اگر کشش ثقل کا کوئی وجود نہیں تو پھر اس میں کشش کیوں ہے؟ یہ وہ سوالات ہیں جنہیں موجودہ سائنس ڈسکس نہیں کرتی؟ موجودہ سائنس ان سوالات کو ڈسکس کیوں نہیں کرتی؟
4۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ ایک دن سائنس ان سوالات کے جواب ڈھونڈ لے گی تو پھر آپ میں اور ان لوگوں میں کیا فرق ہے جو کہتے ہیں کہ ہم ایک دن خدا کے حضور حاضر ہوں گے؟
5۔ اس دعوے کی کیا گارنٹی ہے کہ اگر انسان خدا کے وجود سے انکار کر دے تو وہ کبھی غلطی نہیں کرے گا، کبھی کسی پر ظلم نہیں ڈھائےگا؟ سوویت یونین کے مظالم اور قتل عام کس کھاتے میں جائے گا؟
6۔ جب آپ مذاہب کے ظلم و ستم پر روشنی ڈالتے ہیں، تو آپ انسان کے اس حیوانی اور شیطانی پہلو کو کیوں فراموش کر دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ بدیانتی کرتا ہے، ظلم کرتا ہے، دوسروں کے دکھ درد سے الگ ہو جاتا ہے؟
7۔ جب خدا کے ماننے والے خدا کے اس پیغام کو بھی ساتھ لیے پھرتے ہیں کہ یہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے، یہ دنیا پرفیکٹ نہیں ہے۔ جب خود خدا کی یہی تعلیم ہے تو پھر آپ لوگ اس دنیا میں امپرفیکشن کو موضوع بنا کر مذہب والوں کو تنگ کیوں کرتے ہیں؟
8۔ ایک ایسا انسان جو مذہب کے نام پر تاریخ میں پیدا ہونے والے انتشار اور مذہب کے نام پر جہالت کا مظاہرہ کرنے والوں سے آگاہ ہوگیا، اس نے تمام انسانوں سے محبت شروع کر دی ہو، وہ ہر مذہب کے لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانے کی پوزیشن میں پہنچ گیا ہو، مگر خدا کے تصور سے الگ نہ ہوا ہو۔ وہ خدا کی حقیقی منشا کو سمجھ گیا ہو۔ کیا اس کے لیے بھی ضروری ہے کہ فورا خدا کے وجود سے انکار کر دے؟
9۔ اگر ان سوالات کا جواب مذہبی لوگ خدا کا نام لے کر دیتے ہیں تو وہ لوجیکل نہیں رہتے، آپ ان سوالات کا کوئی لوجیکل جواب کیوں نہیں دے لیتے؟
10۔ اگر آپ اس کائنات اور اس میں پھیلے مظاہر فطرت کی کوئی توجیہ پیش کرنے کے قابل نہیں ہیں تو پھر آپ کے دعوے (خدا نہیں ہے) کی بنیاد کیا ہے؟
11۔ میں سوتے ہوئے آنے والے خوابوں سے خوش بھی ہوتا رہا ہوں اور ڈرتا بھی رہا ہوں، کیا خواب بھی کسی ارتقا کا نتیجہ ہیں یا پھر کوئی اور سین ہے؟ کہ یہ خواب وہ چیز ہیں جس میں میرا جسم شامل نہیں ہوتا، مگر میں ڈرتا بھی ہوں اور خوش بھی ہوتا ہوں؟
12۔ میں اس چار سالہ بچے کو کس طرح سمجھاؤں جس کی ماں مر گئی ہو، میں اسے یہ بتاؤں کہ بیٹا لوگ مرتے رہتے ہیں؟ تو وہ پوچھےگا کیوں؟ میں اس کیوں کا جواب کہاں سے لاؤں؟

Comments

Click here to post a comment