”ہندوستان ٹائمز“ کی ایک خبر نظر سے گزری، جس میں انڈین آرمی کی جانب سے لگائے جانے والے بورڈ کا تذکرہ تھا جس میں انوشکا شرما، پرینکا چوپڑا، سیلینا جیٹلی اور گل پانگ انڈین اداکاروں کی تصاویر تھیں جو آرمی فیملی سے تھیں اور اس پر لکھا ہوا تھا کہ اگر آپ بھی ایسی ہی خوبصورت اور کامیاب بیٹیوں کے والدین بننا چاہتے ہیں تو آئیں آرمی جوائن کریں۔ مجھے حیرانگی اس بات پر نہیں تھی کہ اس بورڈ میں اداکارائوں کی تصاویر آویزاں تھیں بلکہ اس بات پر تھی کہ جو آرمی خواتین کے بارے میں انتہائی بے رحم، سفاک اور صنفی امتیاز برتنے والی ہو، وہی آرمی خواتین کا سہارا لے رہی ہے۔
انڈین آرمی کی سفاکیت اور حیوانیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انڈین آرمی کے کرتوت کوئی بھی باشعور اور انسان دوست حلقہ جھٹلا نہیں سکتا۔ خود بھارت میں بسنے والے اعتدال پسند دانشوروں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین آرمی کے افسر ان خواتین کے معاملے میں کتنے ”حساس“ اور ”مخلص“ ہیں، اس کا اندازہ انڈین آرمی کی جانب سے کیے جانے والے اس سفاکانہ واقعے سے لگایا جاسکتا ہے۔ کئی برس پہلے انڈین آرمی کے خلاف منی پور کے دارالحکومت امپھال میں واقع آسام رائفلز کے ہیڈ کوارٹر کے سامنے سیکڑوں خواتین نے بطورِ احتجاج بالکل برہنہ ہوکر جلوس نکالا۔ اْنہوں نے اپنے ہاتھوں میں جو پلے کارڈ اُٹھارکھے تھے، ان پر تحریر تھا کہ ’’بھارتی فوج کے درندہ صفت افسرو! اگر تمہیں انسانیت کا ذرا سا بھی لحاظ نہیں تو آئو اور ہمارے برہنہ جسموں سے بھی اپنی حیوانیت کی پیاس بجھائو… سیکڑوں برہنہ خواتین زور زور سے… Rape us Indian Army Officers ...Rape us,Indian Officers take FLESH … کے نعرے لگاتے ہوئے آہ وزاری کررہی تھیں اور بھارتی فوج کے ظلم کے خلاف دیوانہ وار چلا رہی تھیں۔
یہ احتجاج منی پور کے قصبے بامون لیکھائی سے 32 سالہ خاتون منورماکو انڈین آرمی کے ہاتھوں اجتماعی آبرو ریزی کے بعد کیا گیا تھا اور اِس گھنائونے عمل کے دوران اِس کی موت واقع ہوجانے کے بعد اس کی لاش کو گولیوں سے چھلنی کردیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے دوران اس کے مردہ جسم سے 16 گولیاں نکالی گئیں۔ اِس وحشیانہ حرکت کے نتیجے میں منی پور کے طول وعرض میں ایک آگ سی بھڑک اُٹھی تھی اور بھارت کے صف اول کے صحافیوں، بشمول پرفل بدوائی، کلدیپ نیئر اور وجے گوئل نے اِس مظاہرے کو بھارت ہی نہیں، دنیا بھر کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا واحد المیہ قرار دیا تھا۔
اِس سانحہ کی سنگینی کا یہ عالم تھا کہ بھارتی فوج کی ایسٹرن کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل جے آر مکرجی نے نہ صرف عوام سے معافی مانگی، بلکہ تسلیم کیا کہ گزشتہ چار برسوں میں ہندوستانی فوج کے 66افسر اور جوان صرف منی پور سے ایسے گھنائونے جرائم کا ارتکاب کرچکے ہیں۔
انڈین آرمی کے افسروں کے ”اعلیٰ کردار“ کا اندازہ اِس امر سے بھی ہوتا ہے کہ اودھ پورجموں کشمیر (مقبوضہ) میں تعینات انڈین آرمی کیASC 5071 بٹالین کی نوجوان خاتون آفیسر لیفٹیننٹ سشمیتا چکر ورتی نے اپنی آبرو ریزی کے بعد خودکشی کرلی اور اس کا جسمانی استحصال اس کے سینئر آرمی آفیسرز نے ہی کیا۔ حد تو یہ ہے کہ اس گھنائونے جرم کا مرتکب ہونے کے بعد بجائے شرمندگی محسوس کرنے کے ہندوستانی افواج کے نائب سربراہ وائس چیف آف انڈین آرمی لیفٹیننٹ جنرل ایس پیتھمبرہن نے علانیہ کہا کہ بھارتی خواتین کو اگر اپنی عزت اتنی ہی عزیز ہے تو اْنہیں انڈین آرمی میں شمولیت سے گریز کرنا چاہیے۔
ابھی حال ہی میں ایک 16سالہ بچی کی عصمت دری کی گئی۔ اخبارات کے مطابق تقریباً دس ہزار سات سو سے زائد اور صرف ستمبر میں 284کشمیری خواتین کو انڈین ٓرمی نے اپنی حیوانیت کا نشانہ بنایا ہے۔ انڈین آرمی تو درکنار انڈین شہری بھی آرمی سے پیچھے نہیں ہیں۔ ایک بھارتی سروے کے مطابق انڈیا میںہر روز 92 خواتین کو اپنی عزت سے ہاتھ دھونا پڑتے ہیں۔ یہ ایک سروے ہے جبکہ تعداد ان سے کہیں زیادہ ہے۔ ان حالات میں انڈین آرمی کا راگ الاپنے والوں کو اور ان کے بعض پاکستانی ہم نوائوں کو پاکستان کے بارے میں منہ کھولنے سے پہلے اپنے گربیان میں جھانک لینا چاہیے اور عالمی رائے عامہ کو بھی بھارتی بالا دست طبقات کو پیغام دینا چاہیے کہ اپنی پاک دامنی کی حکایت بیان کرتے ہوئے اپنے دامن پر موجود مکروہ دھبوں کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
امید کی جاتی ہے کہ وطن عزیز کے کچھ حلقے بھی بھارتی اعتدال پسندی کے گن گانے سے پہلے اِن تلخ زمینی حقائق کو مدنظر رکھیں گے کیونکہ انڈین آرمی کے کرتوت سے پوری دنیا واقف ہے، جبھی دنیا کے کئی ملکوں نے اپنی خواتین شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ انتہائی نا گزیر صورت کے بغیر بھارت نہ جائیں۔
تبصرہ لکھیے