اس دور خانہ خراب میں اخلاق کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کسی سے بات منوانا یا دوستی کا ہاتھ بڑھا کر اتحاد و اتفاق کی فضا قائم کرنا بڑا مشکل کام بنتا جا رہا ہے۔ حالات شاید ایسے ہو چکے ہیں کہ نہ چاہتے ہوئے بھی انسان کچھ کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ بس کسی کے سیاسی رہنما پر تنقید کرکے دیکھ لیں، قطع نظر اس...