سچی خوشی - عاصمہ زریں سہیل

اچھا کھانا، اچھا پہننا اور اچھا گھومنا یہ خوشی اور اطمینان کا معیار نہیں اس سے تمہیں اطمینان قلب نہیں ملے گا بلکہ سچی خوشی یہ ہے کہ تمہیں باٹنا آتا ہو۔ تمہیں یہ معلوم ہو کے خود غرضی ، دکھاوه اور صرف اپنا فائدہ سوچنا تمہاری شخصیت کے لئے زہر قاتل ہیں۔اس لئے اپنے دل کو ہمیشہ عاجزی سے جھکائے رکھنا۔تم اپنی خیالی دنیا میں وہ شہزادی مت بننا جو جن کی قید میں شہزادے کا انتظار کر رہی ہے نہ ہی وہ شہزادہ جو شہزادی کو آزاد کرواتا ہے بلکہ وہ بادشاہ بنو جس کی حکومت میں انصاف ہوتا ہے اور وه ملکہ جو اپنے شہزادے کو بہادر اور شہزادی کو پراعتماد بناتی ہے اور مشکل حالات میں بھی دونوں مل کر اپنی سلطنت قائم رکھتے ہیں۔

زندگی میں کامیابی صرف ڈگری لینا اچھی پیسے کما لینا اورشادی کر لینا نہیں بلکہ اصل کامیابی یہ ہے کے تم شعور حاصل کرو ،پیسے کو صحیح جگہ خرچ کرنا سیکھو اور شادی نبھانی کیسے ہے یہ معلوم کرو ۔تم چیزوں کو" کہاں سے" اور "کتنے کا "سے مت جانچو بلکے دینے والے ہاتھوں سے پرکھو کہ کسی بھی چیز کی قدر دینے والے کے احساسات سے ہوتی ہے ۔اس کے حجم،رنگ ، قیمت اور برانڈ سے نہیں۔اس دنیا میں وه دل قیمتی ہے جس میں آپ کے لئے پیار اور توجہ ہے ، وه آنکھ خوبصورت ہے جس میں آپ کے دکھ پر آنسو ہیں اور وہ ہاتھ پیارے ہیں جو آپ کی مدد کے لئے بڑھتے ہیں۔ مگر یہ سب تلاش کرنے کی بجاۓ آپ نے خود وه ہاتھ بننے ہیں وہ آنکھ روشن کرنی ہے اور وہ دل پیش کرنا ہے۔اور یہ سب کرنا ایسا مشکل بھی نہیں،بس ایک دل کو منانا ہے اور قدم اٹھانا ہے۔ سالگرہ ،جنم دن اور باقی دن منانے کی فکر میں خود کو ہلکان مت کرو ۔یاد رکھو کہ وه کامیابیاں جو قدرت کی طرف سے عطا ہوتی ہیں وه نمتیں ہیں اور نعمتون پر شکر ادا کیا جاتا ہے۔ان کی حفاظت کی جاتی ہے۔

اپنے احساسات ، خیالات اور اپنی سوچ کو رد عمل کے ڈر سے نظر انداز نہ کرو ۔ تمہیں اتنا بہادر بننا ہے کہ اپنے احساسات بغیر کسی خوف کے بیان کرسكو ۔یقینا تمہارا دل اور اس سے جڑے جزبات بہت اہم ہیں مگر اس کے ساتھ دوسروں کے جزبات کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی اہم ہونا چاہیئے۔تمہاری زندگی میں کسی مسئلے کا آنا فکر کی بات نہیں بلکہ فکر کی بات یہ ہے کہ تمہیں اس مسئلے سے نمٹنا کیسے ہے۔تمہیں مسئلے کو حل کرنے والا رویہ اختیار کرنے کی کوشش کر نی ہے۔مسئلے کو فوری طور پر پہچاننا ہے اور اس کے بارے میں ادھر ادھر کی بجائے متعلقہ شخص سے رجوع کرنا ہے ۔اور اس کو حل کرنے کے بارے میں بات کرنی ہے۔کسی بھی مسئلے کو خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا یہ سوچ کر اس کو جوں کا توں چھوڑ دینا کہ وقت کے ساتھ خود ہی کوئ حل نکل آئے گا تمہاری سب سے بڑی بھول ہے۔

زندگی صرف جینے کا نام نہیں بلکہ زندہ وہ ہے جس کے دل میں دوسروں کے لئے احساس زندہ ہے ۔وہ دوسروں کے لئے بھی وہی چاہتا ہے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔کسی کی تکلیف دیکھ کر اس کا دل اتنا ہی درد حسوس کرتا ہے جتنا اپنی تکلیف پر۔دنیا میں دو قسم کے لوگ ہوتے ہیں ایک وہ جو ہروقت تنقید اور شکایت کرتے رہتے ہیں اور دوسرے وہ جو دوسروں کی شکایتوں کو سنتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔اب یہ تم پر منحصر ہے کہ تم کن لوگوں میں شامل ہوتے ہو۔ سچی خوشی حاصل کرتے ہو یا یا ایک غمگین زندگی گزارتےہو۔

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */