شالا تجھے پیار ہو! - عارف انیس ملک

جب تیری عمر بڑھے اور تو جوان ہو تو اللہ کرے تجھے کم از کم تین دفعہ پیار ہو.

تیرا پہلا پیار قریب ترین دوست سے ہو جو تیری دوستی کا ستیا ناس کردے اور تجھے پتا چل جائے کہ سچ مچ کے دوست کون سے ہوتے ہیں اور دوستی اور محبت کو جدا کرنے والی سڑک کدھر جاتی ہے.

دوسرا پیار تیرا سب سے مکمل، سب سے پرفیکٹ بندی /بندے کے ساتھ ہو تاکہ تجھے پتا چل جائے کہ سب نامکمل ہیں. اور اگر سب نامکمل اور ادھورے ہیں تو پھر کسی بھی لمحے تم عزت میں برابری پر سمجھوتہ مت کرنا.

اللہ کرے تیرا تیسرا پیار ہو بہو کسی اپنے جیسی /جیسے کے ساتھ ہو تاکہ تجھے پتا چلے کہ تیرے جیسا ہونا کتنا اوکھا کام ہے اور تیرے جیسوں کے ساتھ گزارا کرنا کتنا مشکل ہے.

اور جب یہ سارے پیار ہوجائیں گے تو تجھے پتا چلے گا کہ ہم پوری زندگی، اپنے سب سے قریب ترین لوگوں کو دکھ دیتے ہیں. اور پھر انہی لوگوں کو ہم زندگی بھر کھوجتے رہتے ہیں.

اور یہ سارے پیار کرکے تجھے یہ معلوم ہوگا کہ محبت ایک ایسا پرندہ ہے جو ہر آنکھ سے الگ رنگ کا دکھتا ہے اور ایک کی چونچ دوسرے سے نہیں ملتی. پر ہوسکتا ہے ایک چیز کی وجہ سے تجھے دنیا میں سارے پیارے لگنے شروع ہوجائیں کہ سب چاہتے ہیں کہ ان سے پیار کیا جائے.

اور جب یہ سارے پیار تیرے دل کو توڑ پھوڑ کر اس میں اتر جائیں گے تو تمہیں معلوم ہوگا کہ پیار کے قابل کون لوگ ہوتے ہیں. یہ وہ لوگ ہیں جو آدھے ٹوٹے تو آدھے جڑے ہوتے ہیں، یہ کم جیتے اور زیادہ ہارے ہوئے ہوتے ہیں. انہوں نے زندگی کے مختلف موسموں کی ماریں کھائی ہوتی ہیں، ان میں کچھ "چب" پڑے ہوتے ہیں اور کچھ نکلے ہوتے ہیں، یہ زندگی میں کبھی گرے اور پھر اٹھے ہوتے ہیں، اور اکیلے پن کے صحرا سے سلامت نکل چکے ہوتے ہیں. یہ دل کے حساس اور آنکھوں میں نمی والے ہوتے ہیں، یہ بڑے قیمتی لوگ ہوتے ہیں.

اور یہ سارے پیار تجھے اس سیڑھی پر چڑھا دیں گے جو سب سے پیارے کی طرف جاتی ہے.

Comments

عارف انیس ملک

عارف انیس ملک

عارف انیس ملک معروف تھنک ٹینکر، بین الا قوامی سطح پر معروف ماہر نفسیات اور پاکستان سول سروس سے وابستہ ہیں۔ نفسیات، لیڈرشپ اور پرسنل ڈیویلپمنٹ پران کی تین عدد کتابیں شائع ہو کرقبول عام حاصل کر چکی ہیں۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
/* ]]> */