ہوم << حکومت کا منی بجٹ کے ذریعے چار شعبوں پر مزید 40 ارب ٹیکس لگانے کا فیصلہ

حکومت کا منی بجٹ کے ذریعے چار شعبوں پر مزید 40 ارب ٹیکس لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے چار شعبوں پر مزید 40 ارب روپے ٹیکس کا بوجھ ڈالنے کے لیے منی بجٹ پر کام شروع کردیا۔ایکسپریس نیوز کو ایف بی آر ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق فرٹیلائزر، شوگر، تمباکو اور ٹیکسٹائل کے شعبے پر مزید ٹیکسز عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ ان چار بڑے سیکٹرز پر آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس سے قبل منی بجٹ اور آرڈیننس کے ذریعے ٹیکسز عائد کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر ان لینڈ ریونیو پالیسی ونگ منی بجٹ کے خدوخال پر کام کر رہا ہے، تاجروں کے بلوں سے فکسڈ ٹیکس ختم ہونے کے باعث ٹیکس اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹیکس ختم ہونے والے 40 ارب روپے کے نقصان کو دوسرے طریقے سے پورا کیا جاسکے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق منی بجٹ اور آئی ایم ایف پر بریفنگ کیلئے وزیراعظم آفس میں ہوگی اور پھر منظوری کے بعد جلد از جلد اقدامات کیے جائیں گے۔