شکستہ دل کے ساتھ - زبیر منصوری

سیگمنٹیشن!Segmentation یہ کون ہیں ؟ ..یہ معاشرے کے لبرل ،آزادیوں اور مفادات کے طلبگا راور بری شہرت رکھنے والے "سیگمنٹ "کو کنٹرول کرنے والی پارٹی اور لیڈر ہے ان کا کام اس سسٹم کے سارے اسی طرح کے لوگوں کو "ہینڈل"کرنا ہےاور اس پارٹی کا جو لیڈر دائیں بائیں ہوا وہ تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

یہ کون ہے؟ یہ صاحب اور ان کی جماعت ملک میں انڈیا مخالف جذبات کے "سیگمنٹ "کو لیڈکرنے ،بوقت ضرورت "منیج "اور "کنٹرول "رکھنے یا ضرورت کے تحت بھڑکانے کے لئے استعمال ہوتی ہے اور ضرورت جب بھی پڑی خوبصورت ٹیبل سے ڈسٹ بن دور ہی کتنا ہے خاموش یا سائیڈ لائن رہنے کا مشورہ ہی کافی ہو گا ورنہ دوسرے "راستے"بھی ہیں اور یہ وہ خود بھی جانتے ہیں .. معمولی تنخواہ پر زیادہ کام کرتے ہیں ۔
یہ حضرت کون ہیں ؟ یہ معاشرے کے لبرل نہیں ذرا سے نام کے مسلمان مگر مفادات اور کرپشن میں لتھڑے سیگمنٹ کو کنٹرول رکھنے کے لئے کام آنے والی "ٹول" پارٹی ہے اس کا بھی اپنا ہی فائدہ ہے یہ ہر جگہ اپنے جیسے لوگوں کو فراہم کرنے جمع رکھنے اور استعمال کرنے کا ذریعہ ہے ۔
یہ کون ہیں؟ یہ ہیں فرقہ پرست جماعتین ان کی اپنی پکی نوکری ہے اوسط اور اس سے کم حثیت کے لوگ تھے اب بلٹ پروف میں کھومتے ہیں "تقوی کے یونی فارم " میں،کوئی ہاتھ تو لگائے اسلام فورا خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

کروڑوں انسانوں کو سیگمنٹس میں بانٹ کر کسی کو "ہینڈل "کسی کو "ٹریٹ "کسی کو "کنٹرول" کسی کو "ڈسٹ بن "میں ڈال کر سسٹم کو چلایاجا رہا ہے میڈیا ہو یا وکلاء کی مہم ، پی ایس پی ہو یا الطاف کی زباں بندی، کشمیر کی "سیاہ ست "ہو یا گلگت کے "فیصلے" آج بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں الگ الگ "منیج "کئے جا رہے ہیں ۔ سب اپنی اپنی نوکری میں خوش ہیں ، اور ہم جیسے صبح صادق کے طلبگار حیران و پریشان۔

صبح صادق مجھے مطلوب ہے میں کس سے کہوں
تم تو بھولے ہو چراغوں سے بہل جاو گے
دے رہے ہیں جو لوگ تمہیں رفاقت کا فریب
ان کی تاریخ پڑھو گے تو دھل جاو گے
تیز قدموں سے چلو اور تصادم سے بچو
بھیڑ میں سست چلو گے تو کچل جاو گے