واٹس ایپ ڈارک موڈ فیچر متعارف، استعمال کا طریقہ جانیے

سان فرانسسکو: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کو بڑی خوش خبری سنادی۔اطلاعات کے مطابق واٹس ایپ نے ڈارک موڈ فیچر کو آزمائشی طور پر متعارف کرادیا جس سے بیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین مستفید ہوسکتے ہیں۔

واٹس ایپ ڈارک موڈ فیچر سے بیک گراؤنڈ سیاہ ہوجائے گا جس سے موبائل کی روشنی (برائٹ نیس) کم ہوگی یوں صارف کے موبائل کی بیٹری پہلے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک چلے گی۔اگر آپ بیٹا ورژن استعمال کرتے ہیں تو اپنے واٹس ایپ پر ڈارک موڈ فیچر استعمال کرسکتے ہیں۔

طریقہ استعمال

واٹس ایپ کھولیں، پھر اس کے سیٹنگز والے آپشن میں جائیں۔سیٹنگز میں جانے کے بعد ’چیٹس‘ کے آپشن پر کلک کریں جہاں تھیم لکھا نظر آئے گا۔تھیم پر کلک کریں گے تو یہاں آپ کے سامنے تین آپشنز ’سسٹم ڈیفالٹ، لائٹ، ڈارک‘ کے نام سے نظر آئیں گے۔

اگر آپ ڈارک پر کلک کریں گے تو واٹس ایپ ڈارک موڈ فیچر آن ہوجائے گا۔اگر آپ کو سیاہ واٹس ایپ پسند نہ آئے تو اسی طرح مینیو میں جاکر اسے تبدیل بھی کرسکتے ہیں۔

جب ڈارک موڈ فیچر کو آن کریں گے تو اینڈرائیڈ پائی سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کو ’بیٹری سیور‘ کے نام سے آپشن بھی نظر آئے گا، اس کا مطلب ہوگا کہ آپ کے موبائل کی بیٹری بلاوجہ خرچ نہیں ہورہی۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق بیٹا ورژن کی کامیاب آزمائش کے بعد ہی ڈارک موڈ فیچر کو تمام صارفین متعارف کرایا جائے گا۔