ایپل آئی فون کی جگہ نئی ڈیوائس کو دینے کے لیے تیار؟

ایپل کی جانب سے آئندہ چند برسوں میں آئی فون کی جگہ ایک نئی ڈیوائس کی دے دی جائے گی۔مگر سوال یہ ہے کہ دنیا بھر میں مقبول آئیکونک آئی فون برانڈ کے بعد یہ کمپنی کیا پیش کرنے والی ہے؟دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق ایپل ایک دہائی کے اندر اسمارٹ فون کی جگہ اسمارٹ گلاسز کو دینے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کا آغاز 2022 میں اولین ڈیوائس سے ہوگا جبکہ 2023 میں زیادہ بہتر اسمارٹ گلاس کو پیش کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایپل کے سنیئر عہدیداران کا کہنا ہے کہ وہ ان ہیڈ سیٹس کو 'بمشکل ایک دہائی' میں آئی فون کی جگہ لیتے دیکھ رہے ہیں۔ایپل کی جانب سے ایسی کسی ڈیوائس کی تیاری کا اعلان نہیں کای گیا مگر رپورٹ کے مطابق دونوں ہیڈ سیٹس کی تفصٰلات اکتوبر میں ایپل کے ہیڈآفس میں ہونے والی ایک خفیہ میٹنگ کے دوران پیش کی گئی تھیں۔اس میٹنگ میں شریک افراد کے مطابق ایپل نے 2 ڈیوائسز کی تفصیلات بیان کیں جن کے مطابق پہلی ڈیوائس 2022 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو کہ اوکیولس ورچوئل رئیلٹی ہیڈسیٹ سے ملتی جلتی ہوگی، جس میں ہائی ریزولوشن ڈسپلے، کیمرے اور ارگرد کے میپ بنانے کی صلاحیت ہوگی۔دوسری ڈیوائس 2023 میں متوقع ہے جو کہ سن گلاسز سے ملتی جلتی ہو جس کا فریم کچھ موٹا ہوگا جس میں ایک بیٹری اور پراسیسر دیا جائے گا۔

یہ گلاسز دن بھر استعمال کرنے کے لیے تیار ہوں گے اور ایپل کی جانب سے آئی فون کو بدلنے والی ڈیوائس کی جانب پیشرفت ثابت ہوں گے۔اس سے پہلے ایسی افواہیں سامنے آئی تھیں کہ ایپل کی جانب سے 2020 میں اسمارٹ گلاسز متعارف کرائے جاسکتے ہیں جن میں اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔ایپل کی جانب سے باضابطہ طور پر اے آر ہارڈوئیر پراجیکٹ کو متعارف نہیں کرایا گیا کیونکہ یہ کمپنی اپنے منصوبوں کو خفیہ رکھنا زیادہ پسند کرتی ہے۔

اے آر ٹیکنالوجی کے استعمال کے پیچھے یہ خیال ہے کہ فون کو دیکھنے کی بجائے اپنی بینائی کے سامنے انٹرفیس کو دیکھیں، جیسے ایپل میپس سے آپ اپنے ارگرد کے راستوں کے بارے میں جان سکیں گے۔آئی فون اور کچھ دیگر اسمارٹ فونز میں پہلے ہی اے آر ٹیکنالوجی کو سافٹ وئیرز جیسے اسنیپ چیٹ یا پوکیمون گو وغیرہ کی شکل میں کسی حد تک استعمال کیا جارہا ہے ۔