مایوس نہ ہوں - ایمن طارق

آپ بہترین اُستاد ہیں ٹریننگز کروانے کے لیے شہر شہر گھومتے ہیں ، آپ کی اسکلز کی دنیا معترف ہو لیکن اپنا اسٹوڈنٹ قابو کرنے میں ناکام رہیں ۔ اُس کی پیچیدہ شخصیت آپ کے لاکھ طریقے آزمانے کے بعد بھی سلجھنے میں نہ آۓ ۔ آپ موٹویشنل اسپیکر ہوں ہزاروں لوگوں کے سامنے صبح شام ہمت نہ ہارنے اور مثبت رہنے کے گر بتاتے ہوں..

لیکن اپنی زندگی کے کچھ ڈیڈ اینڈ ایسے آئیں جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہو ، ہمت ٹوٹنے لگے اوسان خطا ہونے لگیں ۔ آپ میرج کاونسلر ہوں کتنے ہی ٹوٹتے رشتے آپ کی رہنمائی سے واپس جڑے ہوں ، کتنے غلط فہمیوں کا شکار جوڑے آپ کئ کوشش سے دل صاف کرنے پر آمادہ ہوے ہوں اور اپ کی اپنی شادی شدہ زندگی کسی اچانک کرائسسز کا شکار ہو کر روٹھنے پر آجاۓ ۔ آپ نے خاندان کے کتنے ہی مردو خواتین کو بہووں اور دامادوں کے ساتھ بہترین سلوک کے مشورے دیے ہوں اور اپ کی اپنی بہو یا داماد آپ کے انتہائی حکمت محبت و موددت کے باوجود آپ کے لیے آزمائش بن جاۓ ۔ آپ دوستوں کے درمیان صلح مشورے کرواتے ہوں اور اپ کی اپنی دوستی غلط فہمی کا شکار ہو کر ٹوٹنے لگے ۔ آپ والدین کی تربیت کی ورکشاپ کرواتے ہوں ، والدین ہر مسئلے پرآپ کو فون گھماتے ہوں اور اپ کے اپنے بچے بہترین تربیت کے باوجود بگاڑ کے راستے پر چل پڑیں ۔ آپ قرآن سکھاتے ہوں دین کا فہم دیتے ہوں اور خود اپ پر ایسی بیزاری طاری ہو یا ایسی سستی کہ نمازوں میں دل نہ لگے ۔ قرآن اُٹھائیں اور رکھ دیں ۔

تو ناکام آپ نہیں ۔ کسی غلطی کی سزا نہیں ، کسی مکافات عمل کا نتیجہ نہیں ، کسی کی بد دعا نہیں بلکہ یہ اللہ سبحان و تعالی کی وہ آزمائش یا امتحان ہے جسمیں وہ آپ کو اپنی طرف رجوع کرنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں ۔ خود سے مایوس ہونے کے لمحات نہیں بلکہ خود کو مزید مظبوط کرنے کا سنہری موقع ہے ورنہ اگر سب کچھ ویسا ہی ہوتا جیسا چاہا تھا تو دلوں کو ٹوٹنے پھوٹنے سے بچانے والی ذات کیونکر یاد آتی ۔ اس آزمائش کی بھٹی سے گزر کر کندن بننے کے مواقع کیسے ملتے ، خود کو جانچنے کا خیال کیسے آتا ۔ بس تھوڑی سے آزمائش ، اگرچہ طویل لگے گی ۔ لیکن اُن کی نظر سے ہماری بے چینی مخفی نہیں ۔ ہماری کمزور ہوتی بکھرتی شخصیت کو وہی تھامیں گے ۔ خود کو دوسروں کی نظر سے نہ دیکھنا ہی کچھ سکون دے گا ۔ سوچیں کہ خالق اپنی تخلیق کو تکلیف میں دیکھ کر کتنی محبت سے متوجہ ہوتے ہوں گے ۔ ہماری طویل آزمائش شائد ان کے لیے چند لمحے ہوں اور پھر ہمارے لیے مشکل کے بعد آسانی ہو ۔اُن کی محبت ہماری محبت کی طرح کنڈیشنل نہیں اَن کنڈیشنل ہے جو وہاں سے راستے کھولتی ہے جہاں تصور کی آنکھ بھی نہ دیکھ سکے ۔۔

Comments

ایمن طارق

ایمن طارق

ایمن طارق جامعہ کراچی سے ماس کمیونی کیشنز میں ماسٹرز ہیں اور آجکل انگلینڈ میں مقیم ہیں جہاں وہ ایک اردو ٹیلی وژن چینل پر مختلف سماجی موضوعات پر مبنی ٹاک شو کی میزبانی کرتی ہیں۔ آپ اپنی شاعری ، تحریر و تقریر کے ذریعے لوگوں کے ذہن اور دل میں تبدیلی کی خواہش مند ہیں۔ برطانوی مسلم کمیونٹی کے ساتھ مل کر فلاحی اور دعوتی کاموں کے ذریعے سوسائٹی میں اسلام کا مثبت تصور اجاگر کرنا چاہتی ہیں۔

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.