آج ہماری شادی کی 31 ویں سالگرہ ھے- لالہ شمس

الحمدللہ... آج ہماری شادی کی 31 ویں سالگرہ ھے. 24 اکتوبر 1988ء کو ہماری شادی ہوئی تو میرے پاس اُنہیں دینے کے لئے دو ماشے کی بالیاں تک نہ تھیں . ایک طویل عرصے تک اُنہیں صرف کپڑوں کے دو جوڑوں میں گُذارا کرنا پڑا کہ اس سے زیادہ کپڑوں کی "عیاشی" میں افورڈ ہی نہیں کرسکتا تھا . اِس بھلے مانس عورت نے میرے "بُرے وقتوں" میں کبھی مُجھ سے نئے کپڑوں کی فرمائش نہ کی

رُوکھی سُوکھی کھاکر صبر شُکر کے ساتھ گُذارا کیا حالانکہ میکے میں میرے جیسے اِن کے نوکر ہوا کرتے تھے ..زندگی میں کئی اُتار چڑھاؤ آتے رہے، ھم لڑتے اور رُوٹھتے بھی رہے اور ایک دوسرے کو مناتے بھی رہے لیکن اختلاف کو کبھی زندگی کا روگ نہیں بننے دیا، جلد سرنڈر کرجاتے ہیں ..ھم دونوں لُڈو کھیلتے ہیں تو میں دانستہ گوٹیں غلط چل کر اُن سے ہار جاتا ھوں، مُجھے اُن سے ہارنا اچھا لگتا ھے، وہ بھی میری اِس "خُود ساختہ" شکست پر رنجیدہ سی نظر آتی ہیں، اُنہیں بھی مُجھے ہراکر خُوشی نہیں ہوتی ..ھم دونوں ہی ایک دُوسرے کو جیتتا ھُوا، فتحیاب اور سُرخرو دیکھنا چاہتے ہیں
کہیں پڑھا تھا کہ وقت جیسا بھی ہو، اچھا یا بُرا، گُذر ہی جاتا ھے، وقت کا کام ھے گُذرنا، یاد رہتا ھے تو بس اتنا کہ کس نے مُشکل وقت کو "مُشکل ترین" بنادیا اور کس نے آسان...!!
اِس تمہید کا مقصد یہ ھے کہ آپ ایک دوسرے کو اُس کی تمام تر کمیوں کوتاہیوں اور کمزوریوں سمیت "Own" کرلیں تو زندگی آسان ہوجاتی ھے، ہمیں اِنہی ناہمواریوں میں راستے ڈھونڈنا پڑتے ہیں، زندگی کی گاڑی ایسے ہی چلتی ھے، ایک دوسرے کے لئے جینا پڑتا ھے، مرنا پڑتا ھے، کبھی چھوٹے اور کبھی بڑے سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں ،،اچھے ڈرائیور ہر قسم کے اُلٹے سیدھے، کچے پکے راستوں پر گاڑی چلالیتے ہیں، اچھے ڈرائیور بنئے!!

یہ بھی پڑھیں:   نکاح والی رات بات، نکاح والی رات ملاقات - صدام حسین

ہماری31 سالہ خُوبصورت اور مثالی ازدواجی زندگی کا راز صرف یہی ھے ھم دونوں نے ایک دوسرے کو "جیسا ھے، جہاں ھے" کی بُنیاد پر قبول کررکھا ھے، 31 سال یوں گُذر گئے جیسے 31 دن!!
ھم نے اپنے بچوں کو بھی یہی بات سکھا رکھی ھے کہ وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا، زندگی ایسی ہی ھے، ایسی ہی رہے گی، یہ کبھی بھی آئیڈیل نہیں ہوتی، اسے آئیڈیل بنانا پڑتا ھے
خُوشیاں ہمارے ارد گرد بکھری ہوتی ہیں لیکن ہمیں پتہ ہی نہیں ہوتا، اپنے حصے کی خُوشیاں خُود تلاشنا پڑتی ہیں، جینے کے لئے جواز تراشنے ہوتے ہیں ، زندگی خُوبصورت ھے لیکن اِس خُوبصورتی کا "کھوج" آپ نے خُود لگانا ھے، اِسے مزید خُوبصورت کِس طرح بنایا جاسکتا ھے یہ بھی آپ ہی نے طے کرنا ھے ، ھم دونوں نے جوانی بِتا ڈالی، اب ایک ساتھ بُڑھاپا انجوائے کررہے ہیں، آج ہمارا "لانگ ڈرائیو" کا پروگرام ھے، کہاں جانا ھے یہ نہیں معلوم، ھم کسی اچھے سے ہوٹل میں کھانا کھائیں گے، میں اُنہیں ایک اچھا سا گِفٹ دوں گا اور شاید وہ بھی!! میری زندگی کو رعنائیوں سے مُزین اور روشنیوں سے مُنور کرنے کا شُکریہ "تُم میرے جینے کے لئے ایک معقول جواز ھو" بقول ڈی گراسمین .." میں ہر خُوبصورت چیز کو دو بار دیکھتا ھوں ..ایک اپنے لیے ..اور ..ایک تمہارے لیے....!!