گود لینے ( Adoption ) کا شرعی حکم - (محمد رضی الاسلام ندوی)

سوال: ایک مسلم جوڑا، جس کی شادی کو سات آٹھ برس ہوگئے ہیں، اب تک اس کے یہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی ہے۔ وہ کسی بچہ کو گود لینا(Adoption)چاہتے ہیں۔ کیا وہ ایسا کر سکتے ہیں؟

جواب: کسی جوڑے کی شادی کو ایک برس سے زائد عرصہ گزرچکا ہو، لیکن اس کے یہاں اولاد نہ ہوئی ہو تو اسے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ بسا اوقات مرد یا عورت میں کوئی معمولی نقص ہوتا ہے، جو علاج سے دور ہو سکتا ہے۔اگر کوئی جوڑا اولاد سے محروم ہو اور وہ کسی رشتے دار یا اجنبی بچے کو گود لینا چاہے تو ایسا کر سکتا ہے۔ شریعت میں اس کی اجازت ہے، البتہ وہ حقیقی اولاد کا درجہ حاصل نہیں کر سکتا اور گود لینے والا اس کی ولدیت میں اپنا نام نہیں لکھ سکتا۔ قرآن مجید میں صراحت سے ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشادہے:
وَمَا جَعَلَ أَدْعِیَاءَ کُمْ أَبْنَاء کُمْ ذٰلِکُمْ قَوْلُکُم بِأَفْوَاہِکُمْ وَاللَّہُ یَقُولُ الْحَقَّ وَہُوَ یَہْدِیْ السَّبِیْلَ۔اُدْعُوہُمْ لِآبَاءِہِمْ ہُوَ أَقْسَطُ عِندَ اللَّہِ فَإِن لَّمْ تَعْلَمُوا آبَاءَ ہُمْ فَإِخْوَانُکُمْ فِیْ الدِّیْنِ وَمَوَالِیْکُم(الاحزاب:۴۔۵)
”اور نہ اس نے تمھارے منھ بولے بیٹوں کو تمھارا حقیقی بیٹا بنایا ہے۔ یہ تو وہ باتیں جو تم لوگ اپنے منھ سے نکال لیتے ہو، مگر اللہ وہ بات کہتا ہے جو مبنی بر حق ہے اور وہی صحیح طریقے کی طرف رہ نمائی کرتا ہے۔ منھ بولے بیٹوں کو ان کے باپ کی نسبت سے پُکارو۔ یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ بات ہے اور اگر تمھیں معلوم نہ ہو کہ ان کے باپ کون ہیں تو وہ تمھارے دینی بھائی اور رفیق ہیں“۔

عہد جاہلیت میں لوگ منھ بولے بیٹے کو حقیقی درجہ دیتے تھے، لیکن اس آیت کے نازل ہونے کے بعد اس بات کو حرام قرار دیا گیا کہ کوئی شخص اپنے حقیقی باپ کے سوا کسی اور کی طرف اپنا نسب منسوب کرے۔ حضرت سعد بن ابی وقاصؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے ارشاد فرمایا:
مَنِ ادَّعیٰ اِلیٰ غَیْرِ اَبِیْہِ وَھُوَ یَعْلَمُ اَنَّہُ غَیْرُ اَبِیْہِ فَالْجَنَّۃُ عَلَیْہِ حَرَام (بخاری: ۶۶۷۶، مسلم: ۳۶) ”جو شخص جان بوجھ کر اپنے باپ کے علاوہ کسی اور کی طرف اپنی نسبت کرے، اس پر جنت حرام ہے“
اللہ کے رسول ﷺ نے حضرت زیدؓ کی پرورش کی تھی اور اپنے بیٹے کی طرح انھیں پروان چڑھایا تھا۔ اسی لیے انھیں لوگ زید بن محمد کہنے لگے تھے۔ جب یہ آیت نازل ہوئی تو انھیں ان کے باپ کی طرف منسوب کرکے زید بن حارثہؓ کہنے لگے۔ (بخاری: ۲۸۷۴، مسلم: ۵۲۴۲) جس بچے کو گود لیا جائے اس پر وہی احکام نافذ ہوں گے جو اجنبی کے ہوتے ہیں۔ وہ بچہ گود لینے والے کا وارث نہیں ہو سکتا، ہاں گود لینے والا اس کے حق میں ایک تہائی مال تک کی وصیت کر سکتا ہے اور اپنی زندگی میں جتنا چاہے ہبہ کر سکتا ہے۔ اسی طرح نکاح اور وراثت کے مسائل میں اسے ’اجنبی‘ سمجھتے ہوئے معاملہ کیا جا ئے گا، حقیقی اولاد کی حیثیت نہیں دی جائے گی۔ [ ماہ نامہ زندگی نو نئی دہلی ، اکتوبر 2019 ]

ٹیگز

Comments

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

محمد رضی الاسلام ندوی نے ندوۃ العلماء لکھنؤ سے فراغت کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے BUMS اورMD کیا. ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی ہند کے رفیق رہے. سہ ماہی تحقیقات اسلامی کے معاون مدیر اور جماعت اسلامی ہند کی تصنیفی اکیڈمی کے سکریٹری ہیں. قرآنیات اور سماجیات ان کی دل چسپی کے خاص موضوعات ہیں. عرب مصنفین کی متعدد اہم کتابوں کا اردو میں ترجمہ کیا ہے

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.