ترکی، زلزلے کے دوران اسکول کے بچوں کا انوکھا کارنامہ

ترکی کے شہر استنبول میں گزشتہ ہفتے زوردار زلزلہ محسوس کیا گیا جس کی شدت زلزلہ پیما مرکز نے 5 اعشاریہ بتائی۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا مگر دفاتر اور اسکولوں سے ملازمین اور بچے باہر سڑکوں اور گلیوں میں نکل آئے تھے۔

زلزلے کو ایک ہفتہ گزرنے کے بعد ایک اسکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی جس نے ترک میڈیا سمیت عالمی ذرائع ابلاغ کی بھی توجہ حاصل کرلی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے کے دوران اسکول کے بچوں کو باہر نکالا جارہا ہے۔ ایک ٹیچر بھی دروازے پر کھڑی ہیں اور بچوں کو چھوڑ کر خود باہر نہیں جارہی مگر اس ویڈیو کے اصلی کردار دو چھوٹے بچے ہیں۔

ویڈیو میں باقی بچے اندھا دھند باہر کی جانب بھاگ رہے ہیں اور آخر میں دو بچوں کو دیکھا جاسکتا ہے جو اپنی ایک معذور ہم جماعت کو دونوں جانب سے بازوؤں سے پکڑ کر باہر لیکر جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے معصوم بچوں کے معصوم جذبے کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔