دانت اور مسوڑوں کی حفاظت کے آسان گھریلو ٹوٹکے

اس بات سے تو ہر کوئی ہی اتفاق کرتا ہو گا کہ چمکدار اور صاف ستھرے دانت تمام لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں اور خوبصورت دانت مسکراہٹ پر چار چاند لگا دیتے ہیں۔

مگر دانت برش کرتے ہوئے اگر آپ کے مسوڑوں سے خون آتا ہے تو یہ کوئی اچھی علامت نہیں ہے۔

بہت سے لوگ اس پریشانی کا شکار ہوتے ہیں کہ دانت برش کرتے ہوئے ان کے مسوڑوں سے خون آتا ہے، ایسی صورتحال میں سب سے پہلے انہیں دانتوں کے ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے لیکن احتیاطی تدابیر اور گھر میں موجود روزمرہ استعمال کی چند چیزوں کے استعمال سے بھی دانت مسوڑوں کی تکلیف پر قابو پانے میں کافی مدد مل سکتی ہے۔

دانت اور مسوڑوں کی حفاظت کے چند ٹوٹکے:

1۔ لونگ کا تیل


لونگ کا تیل مسوڑوں کی صحت کے لیے ایک کرشماتی جُز ہے، لونگ کا تیل مسوڑوں میں سوجن، جلن اور خون آنے کو روکنے کے لیے بے حد اہم ہے۔

اگر آپ کے مسوڑوں سے خون آتا ہے تو دو سے تین قطرے لونگ کا تیل لیجیے اور اسے ہلکے ہاتھوں سے اپنے مسوڑوں پر لگا لیجیے، ایک سے دو لونگ منہ میں رکھ کی چبا بھی لیجیے، ایسا کرنے سے آغاز میں معمولی سی جلن محسوس ہو گی مگر بعد میں جلن ختم ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے حیرت انگیز نتائج مرتب ہوں گے۔

2۔ ایلوویرا جَیل (کوار گندل)


ایلوویرا (کوار گندل) قدرت کا ایک ایسا شاندار تحفہ ہے جس کے بے شمار فوائد ہیں، ایلوویرا میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ یہ مسوڑوں کی جلن دور کرنے میں بے حد معاون ہے۔

اگر آپ کے مسوڑوں میں جلن ہے تو آپ تھوڑا سا ایلو ویرا کا گودا لیجیے اور اسے مسوڑوں پر ہلکے ہاتھوں سے لگائیے اور تھوڑی دیر لگا رہنے دینے کے بعد کُلّی کر لیجیے۔

3۔ برش اور فلاس باقائدگی سے کرنا:


جیسا کہ ہم سب ہمیشہ سے سنتے آرہے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہوتا ہے، تو مسوڑوں کی حفاظت کرنے کے لیے سب سے پہلے دن میں 2 مرتبہ برش کرنے کی عادت لازمی اپنا لیجیے، اور برش کرنے کے بعد دانتوں کا فلاس بھی کر لیجیے، ایسا روزانہ کرنے سے ناصرف دانت چمکدار رہیں گے بلکہ مسوڑے بھی صحت مند رہیں گے۔

4۔ غذا میں سبزیاں اور پھل لازمی لیجیے:


تازہ پھل اور سبزیاں نا صرف انسان کی صحت کے لیے بے حد فائدے مند ہیں بلکہ غذا میں سبزیاں اور پھل دانتوں اور مسوڑوں کی صحت کے لیے بھی بہترین سمجھی جاتی ہیں، سبزیاں اچھی طرح چبا کر کھانے سے مسوڑے مضبوط ہوتے ہیں اور یہ مسوڑوں سے خون آنے کو روکنے میں بھی بہت معاون ثابت ہوتی ہیں۔

5۔ پانی میں نمک ملا کر غرارے کرنا:


یہ سب سے آسان اور مفید ٹوٹکا سمجھا جاتا ہے جس میں آپ نیم گرم پانی میں نمک ملا کر غرارے کریں، اس سے دانت اور مسوڑے مضبوط ہوتے ہیں، ایسا روز کرنے سے دانتوں میں ٹھنڈا اور گرم لگنے کی کیفیت سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔