جنرل اسمبلی میں حسینہ واجد کے الزامات، حقیقت کیا ہے؟ آصف محمود

عمراں خان کی جنرل اسمبلی میں کی گئی تقریر کا جواب دیتے ہوئے بھارتی مندوب نے حسینہ واجد کی تقریر کا حوالہ دیا جس میں پاکستان پر مشرقی پاکستان میں قتلِ عام اور عصمت دری کے الزام عائد کیے گئے۔ اس الزام کو بعد ازاں پاکستان میں بھی کچھ لوگوں نے بڑے اہتمام سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ دیکھ لیا جائے حقیقت کیا تھی۔ آئیے تاریخ کے کچھ صفحات الٹتے ہیں۔

پہلے قتل عام کے الزامات کو دیکھتے ہیں۔ شیخ مجیب پاکستان سے رہا ہو کر لندن پہنچے تو کہا ’’پاکستان نے 10 لاکھ بنگالیوں کو قتل کیا ہے‘‘ ۔ لندن سے ڈھاکہ جاتے ہوئے دلی میں رکے تو ان پر نیا ’انکشاف‘ ہوا اور کہا ’’ پاکستان نے ہمارے 35 لاکھ بنگالیوں کو قتل کیا ہے‘‘ ۔ کچھ دن گزرے تو ایک باقاعدہ بیان جاری فرما دیا کہ پاکستان نے 30 لاکھ بنگالیوں کو قتل کیا اور 3 لاکھ عورتوں کی عصمت دری کی گئی‘‘ ۔ بعد میں یہی اعداد و شمار بنگلہ دیش اور بھارت کا بیانیہ بن گئے اور انہیں دہرایا جاتا رہا۔ سوال یہ ہے اس بے بنیاد پراپیگنڈے کا علم و تحقیق کی دنیا میں کیا کوئی اعتبار ہے۔

باقی دلائل اور شواہد کو تو ایک طرف رکھ دیں سب سے پہلے بنگلہ دیش اور بھارت سے آنے والی اپنی گواہیاں اور تضادات دیکھ لیتے ہیں۔ بنگلہ دیش کے پہلے وزیراطلاعات شیخ عبد العزیز کے مطابق یہ اعدادو شمار غلط ہیں۔ خود جنرل جگجیت سنگھ اروڑہ نے ان اعداد و شمار کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ صورت حال یہ تھی کہ 21 دسمبر 1971 کو ڈھاکہ سے شائع ہونے والے ’پوربو دیش‘ کے اداریے میں سوال اٹھایا گیا کہ لوگ جاننا چاہتے ہیں کتنے لوگ قتل ہوئے۔ پھر ایک ہی رات میں اس اخبار کے محققین کرام اپنی تحقیق پوری کر لیتے ہیں اور اگلے ہی روز اداریے میں دعوی فرمایا جاتا ہے کہ 30 لاکھ لوگ قتل کیے گئے۔

یہ فسانہ کہاں سے آیا؟ اس راز سے بھی کسی اور نے نہیں، خود بنگلہ دیش کے پہلے سیکرٹری خارجہ سید انوار الکریم نے پردہ اٹھا دیا۔ ان کا کہنا یہ اعداد و شمار مبالغہ آمیزی پر مبنی ہیں اور جب میں نے مجیب سے پوچھا یہ اعداد و شمار کہاں سے لیے تو معلوم ہوا روس کے کمیونسٹ پارٹی کے ایک اخبار ’پراودا‘ نے ایسا لکھا تھا۔ ابھی چند سال قبل 24 اپریل 2014ء کے دی ہندو میں بھارت کے یہودی جنرل جیکب کی رائے سامنے آئی ۔ اس کے مطابق بھی یہ تعداد ہزاروں میں تھی۔

یہ بھی پڑھیں:   کوٹا سسٹم اور پاکستان - حبیب الرحمن

بنگلہ دیش صحافت میں ایک معتبر جوہری کا رہا ہے۔ ان کی کتاب The Myth of Thirty Lakh میں لکھا ہے کہ یہ بات سراسر جھوٹ ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے مختلف اضلاع کا دورہ کر کے لوگوں سے سوال کیا کہ کیا کسی کی پاکستانی فوجی نے عصمت دری کی۔ ان میں سے ہر فرد نے کہا ’’نہیں کی‘‘۔ انہوں نے کتاب میں ایک اہم سوال اٹھایا کہ شیخ مجیب نے اعداد و شمار کہاں سے لیے اور سروے کس نے کیا؟ گارجین کے ولیم ڈورمند کی ایک رپورٹ 6 جون 1972ء کو شاءع ہوئی، اس رپورٹ کے مطابق قتل عام کی بات محض یک افسانہ ہے جسے اچھالا گیا۔

بنگلہ دیش ہی کے ایک محقق نعیم مہیمن کا ایک مقالہ ہے جو ’ کنامک ایند پولیٹیکل ویکلی‘ میں 26 جنوری 2008ء کو شائع ہوا، ان کے مطابق یہ جھوٹ بنگلہ دیش میں اس تواتر سے دہرایا گیا کہ اس پر سوال اٹھانا اب ممکن نہیں رہا۔ ہٹلر نے مبینہ طور پر 60 لاکھ یہودیوں کو 6سال میں قتل کیا۔ 30 لاکھ بنگالی 7 ماہ میں کیسے قتل ہو گئے۔ 22 مارچ کو آپریشن شروع ہوا اور 16 دسمبر تک کے ایام گن لیں تو شیخ مجیب کے الزام کے مطابق گویا ہر روز 11 ہزار پانچ سو کے قریب بنگالی قتل ہوئے۔ یعنی ہٹلر سے چھ گنا زیادہ قتل عام۔ کیا اس سے بے ہودہ الزام بھی کوئی ہو سکتا ہے۔

یہ بھی مت بھولیے کہ شیخ مجیب نے 1972ء میں مقتولین آزادی کے تفصیلات جمع کرنے کے لیے ایک 12 رکنی کمیشن بنایا تھا۔ اسے عبد الرحیم انکوائری کمیشن کہا جاتا ہے۔ سرکاری سطح پر اس کی تشہیر ہی نہیں کی گئی بلکہ شیخ مجیب نے عوامی لیگ کے تمام عہدیداروں کو تفصیلات اکٹھا کرنے کا حکم دیا۔ جب تحقیق سامنے آئی تو کیا آپ کو معلوم ہے اس فہرست میں کتنے مقتولین کا نام درج تھا دو ہزار۔ جی ہاں گارجین کی6 جون 1972ء کی رپورٹ کے مطابق صرف دو ہزار بنگالی ایسے لوگ تھے، جن کے بارے میں کہا گیا کہ فوج کے ہاتھوں مارے گئے۔ ولیم دورمنڈ کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ پڑھی تو شیخ مجیب غصے سے کانپنے لگ گیا، رپورٹ کو اٹھا پر زمین پر دے مارا اور چلانے لگا کہ یہ رپورٹ اپنے پاس رکھو، میں نے تیس لاکھ کہہ دیا تو بس تیس لاکھ ہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:   افغان مفاہمتی عمل کے ادوار، آغاز تا اختتام کیا ہوا - قادر خان یوسف زئی

شرمیلا بوس نے تو یہاں تک لکھا ہے کہ غیر بنگالیوں کی لاشوں کی تصاویر لے کر جنہیں مکتی باہنی نے مارا تھا، یہ پروپیگنڈا کیا گیا کہ یہ بنگالی ہیں جنہیں پاکستانی فوج نے قتل کیا ہے۔ یہی بات ’’ایسٹ پاکستان ٹریجڈی‘‘ میں پروفیسر شبروک ولیم نے بھی لکھی ہے۔

عصمت دری کے الزام پر بھی شرمیلا بوس کی گواہی پڑھ لیجیے: ’’پاکستانی افواج پر عورتوں کی بے حرمتی کا الزام بے بنیاد ہے۔ میں نے وسیع پیمانے پر انٹر ویوز، مکالموں اور تحقیق سے یہ دیکھا ہے کہ پاکستانی فوج نے عورتوں کو نہیں بلکہ صرف مقابلہ کرنے والے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا‘‘ ۔ امریکہ میں بنگلہ دیش کے سابق سفیر شمشیر احمد چودھری ان اعداد و شمار کو شرارت پر مبنی قرار دے چکے ہیں۔ شیخ مجیب نے عصمت دری کی شکار خواتین کے لیے تین ہزار ٹکا کی رقم کا اعلان کر کے بھی دیکھ لیا، پھر بھی اسے ناکامی ہوئی۔ چند ہزار خواتین کی فہرست بن سکی جو مکتی باہنی اور بھارت فوج کے ہاتھوں بر بریت کا شکار ہوئیں۔ یاسمین سائیکیا کی کتاب ’’وومن ، وار اینڈ دی میکنگ آف بنگلہ دیش‘‘ میں لکھا گیا کہ مکتی باہنی اور بھارتی افواج نے بہاری اور غیر بنگالی عورتوں کی عصمت دری کی۔ یہی بات بینا ڈی کوسٹا نے ’’نیشن بلڈنگ، جنڈر اینڈ وار کرائمزان ساؤتھ ایشیا‘‘ میں لکھی ہے

مسلسل پروپیگنڈے سے کچھ ذہنوں کو تو پراگندہ کیا جا سکتا ہے، اس سے حقائق نہیں بدل سکتے۔

Comments

آصف محمود

آصف محمود

آصف محمود اسلام آباد میں قانون کی پریکٹس کرتے ہیں، روزنامہ 92 نیوز میں کالم لکھتے ہیں، روز نیوز پر اینکر پرسن ہیں اور ٹاک شو کی میزبانی کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اپنی صاف گوئی کی وجہ سے جانے جاتے ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.