تیسرا ون ڈے، سری لنکا کا پاکستان کو جیت کے لیے 298 رنز کا ہدف

کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 298 رنز کا ہدف دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 298 رنز کا ہدف دیا، اوپنر گناتھلاکا شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 13 رنز پر گری جب اویشکا فرنینڈو 4 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے، کپتان لہیرو تھریمانے نے 36 رنز بنائے انہیں محمد نواز نے آؤٹ کیا، اوپنر گناتھلاکا نے 133 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، گناتھلاکا کو محمد عامر نے آؤٹ کیا۔

پریرا 13 رنز بنا کر عثمان شنواری کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، بھنوکا 36 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، شیہان جے سوریا کو 3 رنز پر شاداب خان نے پویلین روانہ کیا۔

ڈی سلوا 10 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، سنداکان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شناکا 43 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، عثمان شنواری، شاداب خان، وہاب ریاض اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔