صرف سبزیاں کھانے والوں کے ساتھ کیا ہوسکتا ہے؟

کھانے پینے میں ہمیشہ توازن قائم رکھنا چاہیے کیونکہ گوشت اور سبزیاں دونوں ہی صحت کیلئے مفید ہیں۔ اگر آپ صرف گوشت خور ہیں تو صحت کو مسائل لاحق ہوسکتے ہیں لیکن سبزیاں پسند کرنے والے اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں تو وہ غلطی پرہیں۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ صرف سبزیاں کھانے سے دل کے دورے کے خطرات کم ہوجاتے ہیں لیکن ساتھ ہی فالج لاحق ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق میں گوشت کھانے والوں کا موازنہ سبزی کھانے والوں سے کیا تو ایک ہزار افراد میں سے وہ لوگ تعداد میں 10 کم تھے جنہیں دل کا دورہ پڑا لیکن ساتھ ہی فالج کے شکار افراد میں 3 کا اضافہ ہوچکا تھا۔

تحقیق کے دوران 48 ہزار لوگوں کی گزشتہ 18 سال کی صحت کا مجموعی جائزہ لیا گیا، اس بات کے امکانات بھی موجود ہیں کہ یہ بیماریاں کسی اور وجہ سے ہوں۔

تحقیق کے شروع میں ان تمام افراد سے غذائی عادات کے بارے میں پوچھا گیا اور آگے چل کر یہ سوال دوبارہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ میڈیکل ہسٹری، سگریٹ نوشی اور جسمانی مشقت جیسے عناصر بھی مدنظر رکھے گئے۔

ماہرین کے مطابق فالج کی وجہ وٹامن بی 12 کی کمی بھی ہو سکتی ہے تاہم حتمی نتیجے پر پہنچنے کیلئے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

صرف سبزی یا صرف گوشت کھانے والوں کو ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اپنی پسند کے علاوہ اس بات کو بھی سامنے رکھیں کہ اچھی صحت کیلئے بھرپور غذائیت کی ضرورت ہوتی ہے جو کسی ایک قسم کے بجائے انواع واقسام کے کھانوں سے ہی ممکن ہے۔