ترکش ائیرلائن دنیا کی بہترین فضائی کمپنی قرار

ترکی کی سرکاری فضائی کمپنی ترکش ائیرلائنز 2020 کے لیے بہترین فائیو سٹار عالمی ائیرلائنز بن گئی۔ اپیکس (ائیرلائن پسنجر ایکسپیرنس ایسوسی ایشن) نے دنیا کی 600 ائیرلائنز کا جائزہ لینے کے بعد اس کا اعلان کیا۔ ایسوسی ایشن نے مسافروں سے پانچ کٹیگریز میں مسافروں سے رائے مانگی تھی، آرام دہ سیٹ، کیبن سروس، کھانا اور مشروبات، انٹرٹینمنٹ اور وائی فائی۔

اپیکس ایوارڈز کا اعلان امریکی شہر لاس اینجلس میں کیا گیا جس میں ٹریول انڈسٹری کے ماہرین اور نمائندوں نے شرکت کی۔ ترکش ائیر لائن کے بورڈ اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے ایوارڈ ملنے کے بعد کہا کہ ترکش ائیرلائنز کا مقصد اپنے مہمانوں کو سفر کے دوران ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا اور اسے کمال درجے تک پہنچانا ہے۔ بزنس کلاس کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، اور نئے ائیرکرافٹ ڈریم لائنر کے بعد اس میں مزید بہتری آئے گی۔

ترکش ائیرلائنز 1933ء میں پانچ طیاروں کے فلیٹ سے قائم ہوئی تھی۔ اس وقت اس کے پاس 343 طیارے ہیں۔ اس میں مسافر اور کارگو طیارے شامل ہیں۔ ترکش ائیرلائنز دنیا بھر کے 126 ممالک کے 315 مقامات کی طرف پرواز کرتی ہے۔

ترکش ائیر لائنز کو سکائی ٹریکس نے 2011 سے 2016 تک مسلسل چھ سال یورپ کی بہترین ائیرلائن کے طور پر منتخب کیا تھا، جبکہ 2017 میں اسے مسلسل نویں دفعہ جنوبی یورپ کی بہترین ائیرلائن منتخب کیا گیا تھا۔