صحرا میں "عقاب" اور "ہیرے" کی جنگ - احسن سرفراز

کل سات ستمبر بروز ہفتہ ابوظہبی کے صحرا میں UFC مکس مارشل آرٹس کی تاریخ کا ایک اہم مقابلہ ایگل کے لقب سے معروف لائٹ ویٹ چیمپئن خبیب اور ڈائمنڈ کے لقب سے پہچانے جانے والے عبوری چیمپئن ڈسٹن پوئرئیر کے درمیان ہونے جا رہا ہے۔

دونوں ہی فائٹرز تیس سال عمر اور برابر قد و قامت کے مالک ہیں۔ دونوں ہی انتہائی سلجھی ہوئی اور قابل احترام شخصیات کے حامل ہیں، حریف کیلیے برے الفاظ استعمال کرنے اور اسکا مذاق اڑانے پر یقین نہیں رکھتے، دونوں ہی مقابلے کے آٹھ کونے والے جنگلے جسے "اوکٹاگون" کہا جاتا ہے سے باہر انسانیت کے کام آنے اور نوجوانوں کیلیے بہترین رول ماڈل بننے پر یقین رکھتے ہیں۔

امام شامل کی سرزمین داغستان سے تعلق رکھنے والا خبیب ایک راسخ العقیدہ مسلمان ہے، مکس مارشل آرٹس کی تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی بن کر ابھر رہا ہے اور ابھی تک ستائیس مقابلوں کے بعد بھی ناقابل شکست ہے۔ جبکہ لافیات لوزیانا، امریکہ سے تعلق رکھنے والا پوئرئیر پچیس مقابلوں میں فاتح رہا، جبکہ پانچ میں اسے شکست کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

دونوں کھلاڑی کھیل کی مختلف جہات کے ماہر ہیں۔ جہاں خبیب اپنی کُشتی کی حیرت انگیز صلاحیتوں کی وجہ سے مخالف کو ایک اژدھے کی طرح دبوچ کر ہلنے کے بھی قابل نہیں چھوڑتا اور عموماً زمین پر گرا کر خوب پیٹتا ہے اور مخالف کو ہار ماننے پر مجبور کر دیتا ہے، وہیں سخت جان پوئرئیر باکسنگ میں خاصی مہارت رکھتا ہے اور اپنے تابڑ توڑ مکوں سے مخالف کا حلیہ بگاڑنے میں معروف ہے۔

خبیب کیلیے اس مقابلے کی اہم بات اسکے بچپن ہی سے کوچ اور والد کی ابوظہبی میں موجودگی ہے۔ خبیب کے والد ویزہ ایشوز کی وجہ سے اب تک اسکا امریکہ میں UFC کیرئیر کے کسی مقابلے میں ساتھ نہ دے سکے۔ امریکہ میں خبیب کی کوچنگ ہاوئیر مینڈیز کرتے ہیں جنکی خبیب اپنے والد کی طرح ہی عزت کرتا ہے اور وہ بھی خبیب کو بیٹوں کی طرح چاہتے ہیں۔ اس بار خبیب کے امریکن کوچ اور اسکے والد دونوں ہی اسکا حوصلہ بڑھانے کیلیے موجود ہونگے جبکہ عرب مارات کے کراؤڈ کی بھرپور حمایت بھی خبیب کو معمول سے ہٹ کر کچھ خاص جوہر دکھانے کیلیے ابھارے گی۔

جبکہ پوئیریر کے نزدیک ابوظہبی میں اسکی جیت کسی راکی مووی کا منظر پیش کرے گی، خبیب جیسے ناقابل شکست عظیم چیمپئن کو اسکے گھر کی طرح سمجھے جانے والے ابوظہبی میں ہرا کر وہ کھیل کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے درج کروا سکتا ہے۔ پوئرئیر کے نزدیک خبیب کی ریسلنگ اسکے لیے بڑا خطرہ ہے لیکن وہ اس خطرے سے نپٹنے کیلیے پوری طرح تیار ہے اور اسکے خیال میں وہ خبیب کو تیسرے یا چوتھے راؤنڈ میں اپنے تابڑ توڑ مکوں سے ناک آؤٹ کر کے جیت حاصل کر لے گا۔

ابوظہبی کے صحرا میں "عقاب" خبیب اور "ہیرے" پوئیرئیر کے درمیان فاتح کون رہتا ہے؟ اسکے لیے شائقین کو کل تک انتظار کرنا ہو گا۔ خبیب کے مطابق وہ بھوکے عقاب کی طرح مخالف پر جھپٹنے کیلیے تیار ہے، جبکہ پوئیریر کے مطابق زیادہ سے زیادہ دباؤ کا سامنا کر کے ہی ہیرا اپنا بیش قیمتی مقام پاتا ہے۔ بہرحال میری دعائیں عظیم محمد علی کے بعد کھیلوں کی دنیا کے دوسرے مقبول ترین مسلم چیمپئن خبیب کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ خبیب کو دین و دنیا کی کامیابیوں سے نوازے۔ آمین یا رب العالمین

Comments

احسن سرفراز

احسن سرفراز

احسن سرفراز لاہور کے رہائشی ہیں. سیاست اور دیگر سماجی موضوعات دلچسپی کا باعث ہیں. ان کے خیال میں وہ سب کی طرح اپنے رب کی بہترین تخلیق ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ رب کی تخلیق کا بھرم قائم رہے.

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.