وقت وقت کی بات - فرح رضوان

چلتے رہنا وقت کا کام ہے. وقت بتانا گھڑی کا کام ، گھڑی کو چلانا بہت سے مختلف الاقسام اور مختلف المزاج پرزوں کا کام اور ان پرزوں کو چلانا بیٹری کا کام۔ یوں تو اس پوائنٹ پر ایک اچھے بیٹری سیل کا اشتہار دے کر بات کو ختم کیا جاسکتا ہے لیکن ابھی بات کریں گے اپنی اپنی مدھم ہوتی بیٹری، موٹیویشن ، انسپاریشن کی.

وقت تو چلتا ہی رہے گا باذن اللہ تعالٰی، مگر اچھا وقت یا برا وقت ہمارے اچھے یا برے رویوں سے جنم لے گا۔ خوشی کی گھڑی میں تقوی کی بیٹری آزمائش کی گھڑی میں امید کی بیٹری اگر نہیں لگا سکے تو پرزے مل جل کر کبھی کام نہیں کر سکیں گے، اور یوں وقت کے ٹہرنے اور ٹہرے پانی کی مانند اس میں تعفن پنپنے اور برا وقت مسلط ہونے میں ذرا وقت نہیں لگے گا ، رنج و وحشت کی لنگڑی سوئیاں ، چاہ کر بھی بھرپور رفتار سے برے وقت کو دھکیل نہیں سکیں گی، منزل دور ہمت چور ہونے لگے گی۔ یہ وقت نفرتوں کے زنگ سے اپنی قوتوں کو تباہ کرنے کا نہیں ، فرقہ ، تعصب ، پارٹی ، لسانیت ، قبیلے قوم کی پرستش کا نہیں ؛اللہ کو منانے کا وقت ہے، اسی کا خوف اسی سے امید ، اسی کی عبادت اسی سے مدد کا رویہ اس وقت کو بہترین وقت میں بدلنے کا سبب بن سکتا ہے. اگر ہم سب اپنی اپنی سیکینڈ کی سوئی اپنی اپنی چاہت کے مقام پر اٹکا بیٹھیں گے تو بحیثیت قوم، منٹ کی، اور بحیثیت امت گھنٹے کی سوئی آگے کی طرف بڑھ نہیں پائے گی۔

یہ تو خوف و رجا کی بیٹری سیل ریچارج کرنے کا وقت ہے ۔ اللہ سے وفا کا، ایمان کے دِفاع کا وقت ہے ۔ حوصلے ہارنے نفرتیں بانٹنے کا وقت ہرگز نہیں بلکہ تَعَالَوْا إِلَىٰ كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ کا وقت ہے ۔ افشوا السلام بینکم کو گہرائی سے سمجھنے کا وقت ہے، زندہ ہیں اور آزاد بھی، تو پھر سے اٹھ کھڑے ہونے کا وقت ہے ، ایک دوسرے کی مخالفت و مخاصمت میں نہیں بلکہ مشاورت سے, مفاہمت میں۔

Comments

فرح رضوان

فرح رضوان

فرح رضوان کینیڈا میں مقیم ہیں۔ خالق کی رضا کی خاطر اس کی مخلوق سے لگاؤ کے سبب کینیڈا سے شائع ہونے والے ماہنامے میں قریباً دس برس قبل عائلی مسائل پرلکھنا شروع کیا تھا، اللہ کے فضل و کرم سے سلسلہ جاری ہے۔ دلیل کی مستقل لکھاری ہیں

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.