جج ارشد ملک کی خوفناک اعترافی ویڈیو منظر عام پر

یاد رہے کہ مریم نواز شریف نے شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ ن کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتساب عدالت کے جج کے فیصلے کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ سامنے لے آئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج کو بلیک میل کیا گیا، مبینہ ویڈیو اور آڈیو ثبوت دکھاتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سزا دینے والا خود بول اُٹھا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہوئی ، جج نے خود بتایا کہ انہیں کسی جگہ بُلا کر اُن کی اخلاق سے گری ہوئی ذاتی ویڈیو دکھائی گئی، جج نے کہا کہ بات نہ ماننے کا تو کوئی آپشن ہی نہیں تھا ، جج صاحب نے کہا کہ نواز شریف کو سزا سناکر میرا ضمیر ملامت کررہا ہے اور ڈراؤنے خواب آتے ہیں ۔ مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف کو مفروضوں پر مبنی الزامات کی روشنی میں نشانہ بنایا گیا، میاں صاحب نے اپنے خلاف عائد تمام مقدمات کی رسیدیں بھی دیں ، ثبوت بھی دیئے، بار بار عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا لیکن ہر بار ایک نئے کیس میں تین بار کے منتخب وزیراعظم کو سزا سنا دی گئی۔ مریم نواز کی پریس کانفرنس نے میڈیا اور سیاسی حلقوں میں تہلکہ برپا کیا ہوا ہے .