انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی

کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوگئی اور قدرے استحکام دیکھنے میں آیا۔

آج صبح انٹربینک میں کاروبار کے آغازمیں ڈالرکی قدرمیں 8 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈالر152 روپے کا ہوگیا۔ تاہم ایک گھنٹے بعد ہی انٹربینک مارکیٹ میں استحکام دیکھنے میں آیا اور ڈالر کی قدر گھٹ کر 151 روپے 83 پیسے ہوگئی جب کہ مزید کچھ دیربعد ڈالر مزید سستا ہوکر 151 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔

ملک میں کئی روز سے ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں بھی 9 کھرب 45 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
گزشتہ روز بھی انٹربینک میں کاروبارکے اختتام پر ڈالر2 روپے 27 پیسے اضافے کے بعد 151.92 روپے کا ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 5 روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر10 روپے مہنگا ہوا ہے جس کے باعث پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔