مشترکہ تجارت میں خسارہ کا تناسب؟ محمد رضی الاسلام ندوی

سوال: میں کئی برس سے ایک بزنس کررہا ہوں ۔ میں نے اپنے ایک دوست کو پیش کش کی کہ وہ بھی اس میں شریک ہوجائے ۔ وہ اس پر رضا مند ہوگیا ۔ اب بزنس میں میرا سرمایہ ستّر (70) فی صد اور میرے دوست کا تیس (30) فی صد ہے ۔ ہم اس پر متفق ہوگئے کہ نفع میں دونوں برابر کے شریک ہوں گے ، یعنی نفع میں ہر ایک کا حصہ پچاس (50) فی صد ہوگا۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ اگر بزنس میں خسارہ ہو تو کیا اس میں بھی ہم دونوں برابر کے شریک ہوں گے ، یعنی ہر ایک کو پچاس (50) فی صد خسارہ برداشت کرنا ہوگا ، یا جس کا سرمایہ جس تناسب سے لگا ہوا ہے اس کے اعتبار سے اسے خسارہ برداشت کرنا ہوگا؟
جواب: مشترکہ تجارت شرکت اور مضاربت دونوں طریقوں سے کی جاسکتی ہے ۔ شرکت یہ ہے کہ دو یا دو سے زائد افراد متعین سرمایوں کے ساتھ کسی کاروبار میں شریک ہوں اور ان کے درمیان یہ معاہدہ طے پائے کہ وہ مل کر کاروبار کریں گے اور نفع و نقصان میں ان کی شرکت متعین تناسب کے ساتھ ہوگی۔ اور مضاربت یہ ہے کہ ایک فریق سرمایہ فراہم کرے اور دوسرا اس سے کاروبار کرے اوران کے درمیان یہ معاہدہ ہو کہ نفع میں ایک متعین تناسب سے اسے حصہ ملے گا۔
شرکت اور مضاربت دونوں صورتوں میں نفع دونوں فریق کے درمیان باہم طے کردہ تناسب سے تقسیم ہوگا۔ کسی فریق کے لیے کوئی متعین رقم طے کرنا جائز نہیں ہے۔
یہ سوال کہ کیا شرکائے کاروبار باہم رضا مندی سے نفع کی تقسیم جس تناسب کے ساتھ چاہیں، کرسکتے ہیں؟ مضاربت کی صورت میں اس کا جواب تمام فقہاء اثبات میں دیتے ہیں، البتہ شرکت کی صورت میں ان کے درمیان اختلاف ہے۔

احناف اور حنابلہ اس صورت میں بھی شرکائے کاروبار کو اجازت دیتے ہیں کہ وہ اپنے درمیان نفع کی تقسیم کا جو تناسب چاہیں، طے کرسکتے ہیں ، لیکن مالکیہ اور شوافع کہتے ہیں کہ نفع کی تقسیم شرکاء کے فراہم کردہ سرمایوں کے تناسب سے عمل میں آئےگی۔ جہاں تک نقصان کا معاملہ ہے، شرکت کی صورت میں وہ ہمیشہ کاروبار میں لگے ہوئے سرمایوں پر ان کی مقداروں کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا اور اسے ان سرمایوں کے مالک برداشت کریں گے۔ مضاربت کی صورت میں مُضـارِب ( کاروبار کرنے والے ) پر نقصان کا کچھ بار نہیں ڈالا جائے گا، اسے کلّی طور پر صرف سرمایہ دار کو برداشت کرنا ہوگا۔ نفع اورنقصان میں اس فرق کی وجہ یہ ہے کہ شریعت کے نزدیک نفع سرمایہ لگا کر کاروباری جدّوجہد کرنے کا نتیجہ ہے، جبکہ نقصان کسی جدّوجہد کا نتیجہ نہیں، بلکہ اس بات کی علامت ہے کہ کاروباری جدّوجہد کے باوجود سرمایہ میں اضافہ نہیں ہوسکا۔ مشہور ماہرِ معاشیات پروفیسر محمد نجات اللہ صدیقی نے کاروبار میں نفع اور نقصان کے فرق کی وضاحت ان الفاظ میں کی ہے: ’’ نفع اور نقصان کی نوعیت میں اصولی فرق کا شریعت نے لحاظ رکھا ہے۔ یہ بات مضاربت کے شرعی اصول سے واضح ہے۔

اگر کاروبارِ مضاربت میں نقصان ہو تو کاروباری فریق کو اس نقصان کا کوئی حصہ نہیں برداشت کرنا ہوگا۔ اس نے سرمایہ کے ذریعے کاروبار میں جدّوجہد کی، تاکہ سرمایہ میں اضافہ ہو اور اس نفع میں سے اسے بھی حصہ ملے، لیکن باوجود کوشش کے اضافہ نہ ہوسکا۔ اس کی کاروباری جہدّوجہد ناکام رہی، اسے کوئی نفع نہیں ملے گا۔ یہی اس کا نقصان ہے۔ اس سے آگے بڑھ کر اس پر سرمایہ میں واقع ہونے والی کمی، یعنی کاروبار میں خسارہ کا بار نہیں ڈالا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ شریعت نقصان کو کاروباری جدّوجہد کا نتیجہ یا ثمرہ یا حاصل نہیں قرار دیتی۔ وہ نقصان کو سرمایہ میں نقصان قرار دیتی ہے۔ اس کے برعکس اگر مضاربت پر سرمایہ حاصل کرکے کاروباری جدّوجہد کرنے والے کی کوششیں کام یاب ہوئیں اور کاروبار میں نفع ہوا تو اسے اس نفع میں سے ایک حصہ ملتا ہے۔ معلوم ہوا کہ شریعت نفع کو سرمایہ کے ساتھ کاروباری جدّوجہد کا نتیجہ اور ثمرہ قرار دیتی ہے۔ شریعت نے نفع اور نقصان کو ایک درجہ نہیں دیا ہے، نہ ان کی تقسیم کا اصول ایک رکھا ہے۔‘‘ ( شرکت و مضاربت کے شرعی اصول، مرکزی مکتبہ اسلامی ، دہلی ، 1984، ص :33_34 )
خلاصہ یہ کہ مشترکہ تجارت کے دو فریق الگ الگ تناسب میں اپنا سرمایہ لگانے کے باوجود نفع میں برابر کے شریک ہوسکتے ہیں، لیکن نقصان کی صورت میں انہیں اپنے لگائے ہوئے سرمایہ کے تناسب کے مطابق ہی نقصان برداشت کرنا ہوگا۔

Comments

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی

محمد رضی الاسلام ندوی نے ندوۃ العلماء لکھنؤ سے فراغت کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے BUMS اورMD کیا. ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی ہند کے رفیق رہے. سہ ماہی تحقیقات اسلامی کے معاون مدیر اور جماعت اسلامی ہند کی تصنیفی اکیڈمی کے سکریٹری ہیں. قرآنیات اور سماجیات ان کی دل چسپی کے خاص موضوعات ہیں. عرب مصنفین کی متعدد اہم کتابوں کا اردو میں ترجمہ کیا ہے

تبصرہ کرنے کے لیے کلک کریں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.